Friday, April 19, 2024

پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ ، پہلے ون ڈے میں شاہینوں نے میزبانوں کو شکست دیدی

پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ ، پہلے ون ڈے میں شاہینوں نے میزبانوں کو شکست دیدی
January 19, 2019
پورٹ الزبتھ ( 92 نیوز) پاکستان بمقابلہ  جنوبی افریقہ  ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں شاہینوں نے میزبان ٹیم کو دھول چٹا دی ۔ جنوبی افریقہ  نے پہلے کھیلتے ہوئے شاہینوں کو جیت کے لئے 267 رنز کا ہدف  دیا تھا جسے قومی ٹیم نے  49.1اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ اوپنر امام الحق اور فخر زمان کی جانب سے ٹیم کو  ایک اچھا آغاز فراہم کیا گیا ،  45 کے اسکور پر اوپنر فخر زمان 25رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے ۔ وہ اولیور کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے ۔ فخر کے بعد بابر اعظم نے امام الحق کیساتھ مل کر  محتاط انداز اپنایا  اور ٹیم کے اسکور میں صورتحال کے مطابق خاطر خواہ اضافہ کیا ۔ دوسری وکٹ کی شراکت میں پاکستانی ٹیم کا اسکور 139 تک پہنچا تو بابر اعظم 49 رنز بنا کر ہینڈرکس کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے ۔ محمد حفیظ نے امام الحق کیساتھ مل کر ٹیم کے اسکور میں 46 رنز کا اضافہ کیا ۔ پاکستان کا اسکور 185 ہوا تو اوپنر امام الحق 86 کے اسکور پر اولیور کی گیند پر ہینڈرکس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے ۔ شعیب ملک اور کپتان سرفراز احمد نے ایک بار پھر قوم کو مایوس کیا ، شعیب ملک 12 اسکور بنا کر پھیلکوائیو کی گیند پر  کلین بولڈ ہوئے ۔  جبکہ کپتان سرفراز احمد ایک اسکور کر کے  پویلین لوٹ گئے  ۔ وہ عمران طاہر کی گیند پر  ایل بی ڈبلیو ہوئے ۔ شعیب اور سرفراز کی غیر ذمہ دارانہ بیٹنگ کے باعث صورتحال مکمل غیر یقینی کا شکار ہو گئی  مگر  آل راؤنڈر محمد حفیظ اور شاداب خان نے  جارحانہ انداز اپناتے ہوئے ٹیم کے اسکور میں تیزی سے اضافہ کیا۔ محمد حفیظ 71 اور شاداب خان 18 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے ۔ پاکستان کی جانب سے 29 بار گیند کو باؤنڈری لائن کے پار پھینکا گیا ، جن میں 5 چھکے اور 21 چوکے شامل تھے ۔ جبکہ جنوبی افریقہ کی جانب سے 5 اسکور ایکسٹرا دیا گیا جس میں سے ایک ایل بی اور 4 وائیڈ شامل تھے ۔ اس سے قبل جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ اور  مقررہ 50 اوورز میں  صرف دو وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز بنایے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ہاشم آملہ نے 108 رنز بنائے ، وہ ناقابل شکست رہے ۔ ہاشم کی اننگز ایک چھکے اور 7 چوکوں سے مزین تھی ۔ ریزا ہنڈرکس نے 67 گیندوں پر 45 اسکور کئے ، وہ شاداب خان کی گیند پر  حسن علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔وان ڈر سن نے ٹیم کے اسکور میں تیزی سے اضافہ کیا اور 101 گیندوں پر 93 اسکور کئے ،ان کی اننگز  میں 3 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے ۔ وان ڈرسن حسن علی کی گیند پر شعیب ملک کو کیچ تھما بیٹھے ۔ڈیوڈ ملر نے 12  گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے 16 اسکور کئے  اور ناقابل شکست رہے ۔ دوسری جانب پاکستانی باؤلرز 50 اوورز میں صرف دو وکٹیں حاصل کر سکے ۔  پاکستان کی جانب سے 8 کھلاڑیوں نے گیند بازی کا مظاہرہ کیا۔ حسن علی اور شاداب خان نے 10،10 اوورز کروا کر  بالترتیب 42اور 41 رنز دیئے  اور ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔فہیم اشرف 10 اوورز  میں بغیر کوئی وکٹ حاصل کئے 64 رنز دے کر مہنگے ترین باؤلر ثابت ہوئے ۔ عثمان شنواری نے 8 اوورز میں 49،عماد وسیم نے 7 اوورز میں 37،محمد حفیظ نے 3 اوورز میں 22 جب کہ فخر زمان نے دو اوورز میں 8 اسکور دیے ۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے پوری اننگز میں  24 بار گیند باؤنڈری لائن سے پار پھینکی گئی جس میں 4 چھکے اور 20 چوکے شامل ہیں ۔ پاکستانی باؤلرز کی جانب سے 50 اوورز میں 4 ایکسٹرا اسکور دیے گئے جن میں  صرف ایک وائیڈ بال اور 3 ایل بی شامل ہیں ۔پاکستان کی جانب سے کسی بھی باؤلر نے نو بال نہیں پھینکی ۔ پاکستان نے 5 میچز کی سیریز میں 0-1 سے برتری حاصل کر لی ہے ۔