Saturday, May 4, 2024

2018پاکستان کے قومی کھیل کے لیے اچھا ثابت نہ ہو سکا

2018پاکستان کے قومی کھیل کے لیے اچھا ثابت نہ ہو سکا
December 21, 2018
گولڈ کوسٹ (92 نیوز) 2018پاکستانی ہاکی کے لیے کافی مایوس کن سال رہا۔ کامن ویلتھ گیمز ایشین چیمپئنز ٹرافی سمیت کسی بھی ایونٹ میں قومی ٹیم متاثر کن کارکردگی نہ دکھا سکی۔ ہاکی کے عالمی کپ میں گرین شرٹس بغیر کوئی میچ جیتے باہر ہو گئے۔ قومی ہاکی ٹیم نے 8 سال بعد ہاکی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا مگر بغیر کوئی میچ جیتے ہی پاکستان نے واپسی کا ٹکٹ کٹوا لیا۔ پول میچز میں قومی ٹیم نے جرمنی اور نیدرلینڈز سے شکست کھائی اور ملائیشیا کے ساتھ مقابلہ برابری پر ختم ہوا۔ بہتر گول اوسط کی بنیاد پر گرین شرٹس نے پری کوارٹر فائنل مرحلے میں جگہ تو بنا لی مگر پہلے ہی میچ میں بیلجیم کے ہاتھوں شکست نے پاکستان کا ہاکی ورلڈ کپ میں سفر ختم کر دیا۔ اس سال ہونے والی کامن ویلتھ گیمز میں بھی قومی ہاکی ٹیم نے مایوس کن کارکردگی دکھائی اور ایونٹ میں ساتویں پوزیشن حاصل کی۔ 2018 میں ہونے والی ایشین گیمز میں پاکستانی ہاکی ٹیم نے اچھا کھیل پیش کیا اور سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔ سیمی فائنل میں قومی ٹیم کوجاپان نے شکست دی۔ تیسری اور چوتھی پوزیشن کے میچ میں بھارت نے پاکستان کو ہرا دیا۔ قومی ٹیم چوتھی پوزیشن ہی اپنے نام کر پائی۔ ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں گرین شرٹس نے شاندار پرفارمنس دی اور جیت کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنائی۔ فائنل میں پاکستان کو روایتی حریف بھارت کا سامنا تھا مگر بارش کی وجہ سے میچ منسوخ ہو گیا اور دونوں ٹیموں کو مشترکہ چیمپئن قرار دے دیا گیا۔