Saturday, April 20, 2024

20 ویں نیشنل سیکیورٹی ورک شاپ کے شرکاء کا نیول ہیڈ کوارٹرز کا دورہ

20 ویں نیشنل سیکیورٹی ورک شاپ کے شرکاء کا نیول ہیڈ کوارٹرز کا دورہ
November 15, 2018
کراچی (92 نیوز) 20 ویں نیشنل سیکیورٹی ورک شاپ کے شرکاء نے نیول ہیڈ کوارٹرز اور پاکستان نیوی ڈاکیارڈ کا دورہ کیا۔ وفد کے شرکاء میں سیاستدان، پارلیمانی ممبران، بیوروکریٹس، سفارتکار، مسلح افواج کے سینئر افسران سمیت میڈیا اور بزنس کمیونٹی کے نمائندگان شامل تھے۔ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے اس وفد کی قیادت ڈارئیر یکٹر جنرل انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹیجک اسٹڈیز، ریسرچ اینڈ انیلیسز(ISRAA) میجر جنرل محمد ثمریز سالک کر رہے تھے۔ ڈاکیارڈ آمد پر وفد کے شرکاء کو پاک بحریہ کے فلیٹ کی صلاحیتوں، فرائض اور افعال، کوسٹل کمانڈ کے سیٹ اپ اور بحریہ کے لاجسٹک انفرا سٹرکچر کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ کمانڈر کوسٹ ریئر ایڈمرل معظم الیاس اور کمانڈر لاجسٹک ریئر ایڈمرل عمران احمد بھی اِس موقع پر موجود تھے اور جنہوں نے وفد کے شرکا ء سے ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اِس دورے سے وفد کے ارکان کو شمالی بحریہ عرب کی موجودہ جیو اسٹریٹجک صورت حال اور ملک کو درپیش میری ٹائم چیلنجز اور اس ضمن میں پاک بحریہ کے کردار کو سمجھنے کا بہترین موقع حاصل ہوا۔ بعد ازاں وفد نے پاک بحریہ کی آبدوزحرمت اور پی این ایس ذوالفقار کا دورہ بھی کیا۔ قبل ازیں وفد نے نیول ہیڈ کوارٹرز کا دورہ بھی کیا جہاں انہیں میری ٹائم سیکیورٹی چیلنجز اور ان سے نبرد آزما ہونے کے لائحہ عمل اور پاکستان کے سمندری مفادات کے تحفظ کے لیے پاک بحریہ کی کاوشوں پر بریفنگ دی گئی۔ وفد کے شرکاء نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے بھی ملاقات کی جس کے دوران ملک کی میری ٹائم سیکیورٹی اور میری ٹائم سیکٹر سے متعلق اہم موضوعات زیرِ بحث آئے۔