Friday, May 3, 2024

ٹرمپ پر دو مزید خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام

ٹرمپ پر دو مزید خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام
October 15, 2016
نیویارک (ویب ڈیسک) ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی مشکلات بڑھتی ہی جا رہی ہیں۔ ٹرمپ کے خلاف مزید دو خواتین میدان میں آگئیں۔ جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات عائد کر دیے۔ تفصیلات کے مطابق امریکی ٹی وی شو میں حصہ لینے والی خاتون سمر زرواس کا کہنا ہے کہ دوہزار چھ میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے اسے جنسی طور پر ہراساں کیا۔ ٹرمپ نے اسے اپنے ساتھ والی سیٹ پر بیٹھنے کا کہا اور نازیبا حرکات شروع کردیں۔ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے بھی ایک خاتون کرسٹن اینڈرسن کا انٹرویو شائع کیا ہے جس میں خاتون کا کہنا ہے کہ انیس سو نوے میں ڈونلڈ ٹرمپ نے نیویارک کے نائٹ کلب میں اس کے ساتھ دست درازی کی اور شرمناک حرکات کیں۔ اس واقعے کے بعد وہ ٹرمپ کو کبھی نہیں ملی۔ ادھر ڈونلڈ ٹرمپ نے خواتین کو ہراساں کرنے کے تمام الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدارتی ا لیکشن سے قبل ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے لیے ایسی جھوٹی کہانیاں گھڑی جا رہی ہیں۔ تمام الزامات جھوٹ پر مبنی ہیں۔ اس مہم کے پیچھے ہلری کی انتخابی مہم کی انتظامیہ اور میڈیا کارفرما ہے۔ کچھ لوگ سستی شہرت حاصل کرنے کی کوشش میں ہیں۔