Saturday, May 18, 2024

خواجہ آصف نیب کو منی ٹریل نہیں دے سکے، شہزاد اکبر

خواجہ آصف نیب کو منی ٹریل نہیں دے سکے، شہزاد اکبر
January 2, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) مشیر داخلہ و احتساب شہزاد اکبر کہتے ہیں کہ خواجہ آصف نیب کو منی ٹریل نہیں دے سکے۔ 1993ء میں خواجہ آصف کے اثاثے 51 لاکھ تھے، خواجہ آصف کے پہلے اثاثے کیا تھے، اب کیا ہیں، فرق صاف ظاہر ہے۔

مشیر داخلہ نے عثمان ڈار کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، خواجہ آصف 50 ہزار درہم ماہانہ کے دبئی میں ملازم تھے، تنخواہ کی مد میں 14 کروڑ دکھائے جا رہے ہیں۔ اسکا ثبوت کیا ہے؟، خواجہ آصف سے 22 لاکھ ماہانہ سیلری کا ثبوت مانگیں تو کہتے ہیں وہ کیش دیتے تھے، انکے پاس سیلری کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ خواجہ آصف 5 سال میں 3 وزارتوں پر تعینات رہے،  اب تک نیب کو مطمئن نہیں کرسکے۔ خواجہ آصف نے دبئی کے اکاؤنٹس سے پاکستانی اکاؤنٹس میں ٹی ٹیز لگائیں۔ اِن کے خاندان کے نام 48 اکاؤنٹس ہیں۔

اِدھر عثمان ڈار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، انہوں نے ملک کا معاشی دیوالیہ کیا ہے، یہی وہ لوگ ہیں جو لوٹ مار میں ملوث ہیں۔ فیٹف میں نیب کی شقوں کا کوئی لینا دینا نہیں تھا اور یہ نیب کی شقیں لیکر آگئے۔

اُنہوں نے کہا، یہ آج اپنے دفاع میں کچھ نہیں لا پا رہے اور کہہ رہے ہیں انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ خواجہ آصف کا کوئی کاروبار نہیں جبکہ سیالکوٹ کی امیر ترین شخصیات میں اِن کا نام آ رہا ہے۔