Friday, March 29, 2024

دوسرا ٹی 20، پاکستان نے آسٹریلیا کو 11 رنز سے شکست دے دی

دوسرا ٹی 20، پاکستان نے آسٹریلیا کو 11 رنز سے شکست دے دی
October 27, 2018
دبئی (92 نیوز) پاکستان نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں کینگروز کو 11 رنز سے شکست دے کر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔ شاہینوں نے لگا تار دسویں ٹی ٹوئنٹی سیریز اپنے نام کر لی۔ 148رنز کے ہدف میں آسٹریلیا کی ٹیم 136 رنز بنا سکی۔ گرین شرٹس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ سرفراز الیون نے مقررہ بیس اورز میں 147 رنز بنائے۔ گرین شرٹس کی جانب سے اوپننگ بلے باز بابر اعظم 45 اور محمد حفیظ 40 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ہدف کے تعاقب میں آغاز میں آسٹریلین ٹیم مشکلات کا شکار نظر آئی۔ 62 رنز کے مجموعی اسکور پر آدھی ٹیم کے پویلین لوٹنے پر میکسویل اور کولٹر نائل نے میچ کو دلچسپ بنا دیا۔ آسٹریلین جارح مزاج بلے باز گلین میکسویل کی بیٹنگ نے ٹیم کو جیت کی امید دلائی لیکن اسٹار بلے باز کے آؤٹ ہونے پر کینگروز کے جیت کے ارمانوں پر پانی پھر گیا۔ میکسویل نے 52 رنز کی اننگز کھیلی۔ کولٹرنائل نے بھی خوب رنگ جمایا اور 17 گیندوں پر 27 رنز اسکور کیے۔ پاکستان نے 11 رنز سے کامیابی سمیٹ کر سیریز میں دو صفر سے فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان نے دو،دو،کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔