Friday, May 17, 2024

190 ملین پاؤنڈ کیس، جے آئی ٹی کی عمران خان سے پوچھ گچھ، بیان ریکارڈ

190 ملین پاؤنڈ کیس، جے آئی ٹی کی عمران خان سے پوچھ گچھ، بیان ریکارڈ
May 23, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - 190 ملین پاؤنڈ کا کیس میں نیب آفس میں جے آئی ٹی نے سابق وزیراعظم سے دو گھنٹوں سے زائد پوچھ گچھ کی، جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم نے بیس سوالوں کے جواب اور اثاثوں کی تفصیلات طلب کرلیں۔

سابق وزیراعظم عمران خان انسداد دہشتگردی عدالت میں پیشی کے بعد نیب راولپنڈی آفس میلوڈی پہنچے۔ جہاں پولیس نے ان کی سکیورٹی کو ساتھ اندر جانے کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔

نیب ٹیم نے عمران خان سے تمام منقولہ غیر منقولہ اثاثوں کی تفصیل طلب کرلی گئی۔ اہلیہ اور بچوں سمیت تمام زیر کفالت افراد کے اثاثوں کی تفصیل، تمام بینک اکاؤنٹس، بیوی، بچوں، بہنوں اور خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ ٹرانزیکشنز کی تفصیل بھی طلب کرلی۔

نیب نے عمران خان سے برطانوی کرائم ایجنسی کے ساتھ خط و کتابت کا ریکارڈ، 19 کروڑ پاؤنڈز کے فریزنگ آرڈرز، القادر یونیورسٹی سے ملنے والے تمام عطیات کا ریکارڈ بھی طلب کرلیا۔ یہ بھی تفصیل مانگی گئی ہے کہ عمران خان نے خود القادر ٹرسٹ کو کتنے عطیات دیئے۔ نیب نے القادر یونیورسٹی کے پنجاب ہائرایجوکیشن سے الحاق، القادر ٹرسٹ اور ملزمان کی کمپنی کے درمیان ٹرسٹ ڈیڈ کا ریکارڈ بھی طلب کیا گیا ہے۔

نیب کا کہنا ہے کہ عمران خان کے 1992ء کے بعد کے اثاثوں کا مکمل جائزہ لیا جائے گا۔ عمران خان نے برطانیہ سے 19 کروڑ پاؤنڈز لاکر واپس ملزمان کو دے کر مالی فائدے لیے۔ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے ٹرسٹ نے عطیات کی مد میں بھاری رقوم لیں۔ عمران خان 2 مارچ کے کال اپ نوٹس پرنہ پیش ہوئے نہ ہی کوئی جواب دیا۔

سابق وزیراعظم نے بیان ریکارڈ کراتے ہوئے بتایا کہ رقم سے متعلق فیصلے کا ریکارڈ کابینہ ڈویژن کے پاس ہے۔ برطانوی کرائم ایجنسی کے ریکارڈ تک میری رسائی نہیں۔ القادر ٹرسٹ کا ریکارڈ نیب کو پہلے ہی مل چکا۔