Friday, March 29, 2024

الیکشن کمیشن نے سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کا بیان مسترد کر دیا

الیکشن کمیشن نے سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کا بیان مسترد کر دیا
September 7, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) الیکشن کمیشن نے سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کا بیان مسترد کر دیا اور استعفے کے مطالبے پر اظہار افسوس کیا۔ مولانا فضل الرحمن کی جانب سے الیکشن کمیشن کے استعفی کے مطالبہ پر ردعمل سامنے آگیا۔ الیکشن کمیشن نے مولانا فضل الرحمن کے بیان پر افسوس کا اظہار اور مطالبہ کو یکسر مسترد کرتے ہوئے سختی سے مذمت کی ہے۔ الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ صاف ، شفاف اور غیرجانبدارانہ انتخابات کے بارے میں بغیر کسی ثبوت کے اس طرح کے بیانات افسوسناک اور حقائق کے برعکس ہیں ،انتخابات کے دوران عوام نے آزادانہ ماحول میں اپنا حق رائے دہی استعمال کیا اور پاکستانی عوام کے مینڈیت کا بغیر کسی جواز اور ذاتی مفاد کی بنیاد پر احترام نہ کرنا جمہوریت کے بنیادی اصولوں کے منافی ہے۔ الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ انتخابی تنازعات کے لئے الیکشن کمیشن نے الیکشن ٹربیونلز مقرر کئے ہیں ، اگر کسی امیدوار کو کوئی شکایت ہے تو اس کے ازالے کے لئے قانون میں دئیے گئے طریقہ کار کے مطابق الیکشن پٹیشن دائر کرے۔ الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ اس طرح قومی اداروں پر الزامات لگا کر دباؤ میں لانے کی روایت کو اب ختم ہونا چاہیے۔ الیکشن کمیشن ایک خود مختار آئینی ادارہ ہے جو اس طرح کے دباؤ کو قبول نہیں کریگا۔