Friday, April 19, 2024

الیکشن کمیشن حمزہ شہباز سے مل کر لوٹوں کو جتانے کی کوشش کررہا ہے، عمران خان

الیکشن کمیشن حمزہ شہباز سے مل کر لوٹوں کو جتانے کی کوشش کررہا ہے، عمران خان
July 7, 2022 ویب ڈیسک

شیخوپورہ (92 نیوز) - پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ 17 جولائی کو پنجاب کے ضمنی انتخابات میں دود ھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے گا، فیصلہ ہوگا چوروں کا پاکستان بنے گا یا قائد اعظم کا پاکستان۔

جمعرات کو شیخوپور ہ میں انتخابی جلسہ سے خطاب میں انہوں نے کہا الیکشن کمیشن حمزہ شہباز سے مل کر لوٹوں کو جتانے کی کوشش کررہا ہے، لوگوں کو خریدنے کے لیے دس، دس ہزار روپے بانٹے جارہے ہیں۔ میرا پیغام ہے پیسے لے کر ٹھپہ بلے پر لگانا۔ خرم ورک آپ کو مبارک دیتا ہوں، آپ الیکشن جیت گئے ہیں، کسی بھی رنگ کا اور کسی بھی سائز کا لوٹا آپ کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔ طیب راشد سندھو کو تحریک انصاف میں شمولیت پر خوش آمدید کہتا ہوں۔ کہا کہ حمزہ ککڑی تم جو مرضی کرلو تم الیکشن نہیں جیت سکتے کیونکہ پاکستان کی عوام فیصلہ کرچکی ہے امپورٹڈ حکومت نامنظور۔

عمران خان نے کہا کہ میرا خاندان سیاست میں نہیں تھا، میں اکیلا نکلا تھا، آہستہ آہستہ اللہ نے آپ سب کے دلوں میں ڈالا، لوگ ملتے گئے اور قافلہ بڑھتا گیا۔ اللہ کا شکر ہے آج وہ جماعت پاکستان کی سب سے بڑی جماعت بن چکی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ امریکا سے دوستی چاہتے ہیں کہ کسی طرح چوری کا پیسہ بچ جائے۔ خاناپنا چوری کا پیسہ بچانے کے لیے یہ اسرائیل کو بھی تسلیم کرنے کو تیار ہیں،عمران خاناپنے چوری کے پیسے کو بچانے کے لیے کشمیریوں کی قربانیوں کو بھی نظرانداز کرنے کو تیار ہیں۔ ہم بھی چاہتے ہیں ہندوستان سے ہماری دوستی ہو، مگر میں کشمیریوں کی قربانیوں کی قبر پر ہندوستان سے دوستی نہیں کرسکتا۔

سابق وزیراعظم بولے کہ امریکا سے پوچھتا ہوں کہ تم ہوتے کون ہو کہ مجھ سے کہو روس نہ جاؤ، ہندوستان امریکا کا اتحادی ہے، پاکستان نہیں ہے۔ امریکا کا اتحادی ہونے کے باوجود ہندوستان روس سے تیس سے چالیس فیصد کم قیمت پر تیل خرید رہا ہے۔ غلام چیری بلاسم کی جرات ہی نہیں کہ روس سے تیل لے سکے، امریکا کا نام سن کر ان کی کانپیں ٹانگ جاتی ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ ان کے پیسے باہر کے ملکوں میں آف شور اکاؤنٹس میں پڑے ہیں، ان لوگوں نے 1100 ارب کا این آر او ٹو لیا۔ یہ کبھی بھی اپنے ملک و قوم کے مفاد میں کھڑے نہیں ہوں گے۔ یہ ہمیشہ یہی کہیں گے کہ ہم تو بھکاری ہیں اس لیے غلام ہیں۔ ہم سب سے دوستی چاہتے ہیں، ہم بھی چاہتے ہیں امریکا سے دوستی ہو، اچھے تعلقات تو چاہتے ہیں لیکن ہم امریکا کی غلامی نہیں چاہتے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ عمران ریاض اور ایازامیر جیسے باضمیرصحافیوں پر ظلم کیا جارہا ہے۔ میرے اوپر 15 ایف آئی آرز کاٹی ہیں، 15 ہزار بھی کاٹ لیں تو پیچھے نہیں ہٹوں گا۔ 25 مئی کو ہماری خواتین اور بچوں پر تشدد کرنے والے ایک ایک پولیس والے کا ہم نے نام نوٹ کیا ہے، جس نے بھی غیرقانونی کام کیا ہم اس کا پوری طرح احتساب کریں گے۔