Friday, April 26, 2024

16اکتوبر کا جلسہ نااہل حکومت کیخلاف عوامی ریفرنڈم ہوگا ،رانا ثنااللہ

16اکتوبر کا جلسہ نااہل حکومت کیخلاف عوامی ریفرنڈم ہوگا ،رانا ثنااللہ
October 12, 2020

لاہور ( 92 نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا کہ 16اکتوبر کا جلسہ نااہل حکومت کیخلاف عوامی ریفرنڈم ہوگا، کٹھ پتلی حکومت مستعفی نہ ہوئی توعوام کا سیلاب اسلام آباد کا رخ کرے گا۔

انسداد دہشتگردی عدالت لاہور میں نیب آفس میں مریم نواز کی پیشی کے موقع پر لیگی رہنماؤں کی عبوری  درخواست ضمانتوں کے کیس کی سماعت ہوئی ،  عدالت نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اور رانا ثناء اللہ کی عبوری درکواست ضمانتوں  میں 15 اکتوبر کی توسیع کر دی ۔ عدالت کے  باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ 16اکتوبر کا جلسہ نا اہل حکومت کیخلاف عوامی ریفرنڈم ہوگا، لوگ کٹھ پتلی وزیراعظم پرعدم اعتماد کا اظہار کریں گے،کٹھ پتلی حکومت نے عوامی ریفرنڈم کے فیصلے پر عمل نہ کیا اور مستعفی نہ ہوئے تو پھرعوام کا سیلاب اسلام آباد کا رخ کرے گا۔

لیگی رہنما نے کہا کہ 35روپے کلو والا آٹا80 روپے تک پہنچ گیا ، حکومت نے عوام سے کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے، جب پی ڈی ایم قیادت مناسب سمجھے گی تو کوئی جماعت استعفوں سے پیچھے نہیں ہٹے گی،فیصلہ ہوگا تو تمام پارلیمنٹیرین استعفیٰ دیں گے،حکومت اس حد تک بوکھلائی ہے کہ ایک وزیر نے تحریک تین ماہ کیلئے ملتوی کرنے کی اپیل کی ہے۔

اس سے قبل رانا ثناءاللہ عدالت میں حاضری کے لیے پیش ہوئے  جبکہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی میڈیکل بنیاد پر حاضری معافی کی درخواست جمع کرائی گئی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے آج حاضری سے معافی دیدی ۔

انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے درخواست ضمانت پر سماعت کی،  تفتیشی افسر کی جانب سے عدالت میں رپورٹ پیش کی گئی جس میں کہا گیا ک ہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر وغیرہ پر ہنگامہ آرائی اور اشتعال انگیزی کرانے کا الزام عائد ہے،  ملزم کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اور دیگر لیگی رہنماء مریم نواز کی پیشی کے موقع پر پولیس پر پتھراؤ کرانے اور کارکنان کی ہنگامہ آرائی میں ملوث ہیں۔