اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اپنے 16 ماہ کے اقتدار میں کوئی خیانت نہیں کی اور قوم کی دلجمعی اور ایمانداری سے قومی خدمت کا فرض نبھایا۔
اتوار کے روز اپنے قوم سے الوداعی خطاب میں انہوں نے کہا کہ اپنے دور اقتدار میں درپیش مسائل پر قوم کو اعتماد میں لیا، 16 ماہ کا سفر بہت کٹھن تھا، ملک کی باگ ڈور نگران حکومت کے سپرد کر رہا ہوں، اپوزیشن لیڈر کی مشاورت سے انوارالحق کاکڑ کو نگران وزیراعظم تعینات کیا ہے، قوم کی امانت میں کوئی خیانت نہیں کی، آئین کے تحت آئے تھے اور آئین کے تحت جا رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ آئینی راستے سے حکومت میں آئے، مطمئن ضمیر سے جا رہے ہیں، امید ہے انوار الحق کاکڑ شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنائیں گے، پاکستان کی ڈوبتی کشتی کو طوفانوں سے بچا کرساحل کی طرف لائے۔
انہوں نے کہا کہ مختصر ترین مدت میں پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، آئی ایم ایف معاہدے نے پاکستان کو معاشی استحکام فراہم کیا، سابق حکومت نے ملک کو قرض کی زنجیروں میں جکڑا، ملک دیوالیہ ہوجاتا تو ایک تباہ کن صورتحال ہوتی۔
شہباز شریف نے کہا کہ شدید معاشی مشکلات کے باوجود کمزور طبقے کو ریلیف دینے کی کوشش کی، ہم نے سیاست کے بجائے ریاست کو بچانے کا فیصلہ کیا، ہم نے سیاسی خود غرضی نہیں ملکی مفاد کو ترجیح دی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ شرپسندوں نے 9 مئی کو شہداء کی یاردگاروں کو تباہ کیا، سرکاری املاک کو منصوبہ بندی کے تحت آگ لگائی گئی، سانحہ 9 مئی کو عوام کبھی بھی فراموش نہیں کرے گی، سابق حکومت نے سازش کے تحت آئی ایم ایف سے معاہدہ توڑا۔
انہوں نے مزید کہا کہ فوری الیکشن کرانے سے ہمیں سیاسی فائدہ ضرورہوتا، ملک کے سنگین حالات نے فوری الیکشن کرانے کی اجازت نہیں دی، ملک دیوالیہ ہوجاتا تو وہ قیامت برپا ہونی تھی جس کا اندازہ نہیں لگایا جاسکتا، دوبارہ اقتدارمیں آکر ملک کی تقدیر بدل دیں گے۔