Friday, May 3, 2024

صرف ایک سال میں ریلوے کو 15ارب کا ٹیکہ لگا دیا گیا

صرف ایک سال میں ریلوے کو 15ارب کا ٹیکہ لگا دیا گیا
November 13, 2016
اسلام آباد(92نیوز)پاکستان ریلوے  میں خورد برد، بدعنوانی ، چوری اور فراڈ کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے۔ صرف ایک سال میں ریلوے نے قومی خزانے کو 15 ارب روپے سے زائد کا نقصان پہنچایا گیا۔ شیخ رشید کہتے ہیں کہ ن لیگ اورپیپلزپارٹی آپس میں ملی ہوئی  ہیں دونوں کرپشن کا خاتمہ نہیں کرسکتیں۔ آڈٹ رپورٹ کے مطابق پاکستان ریلوے میں صرف ایک سال میں قومی خزانے کو 15 ارب روپے سے زائد کا نقصان پہنچایا گیا۔ ریلوے کے منافع سے 2 کروڑ 70 لاکھ کی کرپشن ہوئی،2 کروڑ روپے کا سامان بھی چوری ہوا۔ غلط فیصلوں کی وجہ سے ریلوے کو 56 کروڑ کا نقصان پہنچا۔ ایک کام کو دو بار ظاہر کر کے 12 کروڑ روپے ہڑپ کرلئے گئے۔ تنخواہوں اور الاونس کی مد میں 5 کروڑ روپے کے اخراجات ضائع کر دیے گئے۔ 1 کروڑ 80 لاکھ روپے غیر قانونی بھرتی کیے گئے افراد کو الاونس کی مد میں دیے گئے۔ عوامی مسلم لیگ کےسربراہ شیخ رشید نے 92 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کا کرپشن کا گٹھ جوڑ ہے، کرپشن کا خاتمہ نہیں کر سکتیں۔ رپورٹ کے مطابق ریلوے کی اراضی پر قبضے سے قومی خزانے کو 3 ارب 46 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔ ریل گاڑیوں کی 400 بوگیاں ناکارہ ہو گئیں۔ ریلوے کی مرمت اور بحالی نہ کرنے سے 2 ارب 33 کروڑ کا نقصان ہوا۔ ریلوے لائنوں اور ٹرینوں کی مرمت نہ کرنے سے 1 ارب 95 کروڑ روپے کا قومی خزانے کو ٹیکہ لگایا گیا۔