Saturday, April 20, 2024

1500 سکھ یاتری بیساکھی میلہ ، خالصہ جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے بعد واپس روانہ

1500 سکھ یاتری بیساکھی میلہ ، خالصہ جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے بعد واپس روانہ
April 21, 2018
لاہور (92 نیوز)  ہمسائیہ ملک  بھارت  سے آنے والے1500 سکھ یاتری بیساکھی میلہ اور خالصہ جنم دن   کی تقریبات میں شرکت کر کے بھارت واپس روانہ ہو گئے ۔ یاتریوں کو اسپیشل ٹرینوں کے ذریعے لاہور ریلوے اسٹیشن سے واہگہ اسٹیشن تک پہنچایا گیا ۔  سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ طارق وزیر خان نے سکھ یاتریوں کو تحائف دے کر رخصت کیا۔ ریلوے اسٹیشن پر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیئے گئے۔  پولیس ، رینجر اور حساس اداروں کے اہلکاروں کی بڑی تعداد تعینات رہی۔ سکھ یاتری 12 اپریل کو اسپیشل ٹرینوں کے ذریعے پاکستان پہنچے تھے۔ خالصہ جنم دن اور بیساکھی میلے کی مرکزی تقریب 14 اپریل کو گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال میں ہوئی۔ بیساکھی میلے میں شرکت کے لئے سکھ یاتریوں کے ہمراہ آئی ایک بھارتی خاتون نے اسلام قبول کر کے پاکستانی نوجوان سے شادی کر لی ۔ کرن بالا نامی خاتون کا نیا نام آمنہ بی بی رکھا گیا ۔ آمنہ بی بی نے وزارت داخلہ کو اپنے ویزے میں توسیع کے لئے درخواست دے رکھی ہے۔ ادھر لاہور ہائیکورٹ نے بھی آمنہ بی بی کی درخواست پر وزارت داخلہ کو فیصلہ کرنے کا گذشتہ روز حکم دیا تھا۔ آمنہ بی بی سکھ یاتریوں کے قافلے کے ساتھ واپس روانہ نہیں ہوئی۔