Wednesday, April 24, 2024

12 نون لیگی رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے پر اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع

12 نون لیگی رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے پر اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع
August 20, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - مسلم لیگ نون کے 12 رہنماؤں کا وارنٹ گرفتاری جاری ہونے پر اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔

پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی اور چودھری پرویزالہٰی پر مبینہ تشدد کے کیس میں پنجاب پولیس کے وارنٹ گرفتاری پرعطاء اللہ تارڑ، اویس لغاری، رانا مشہود سمیت مسلم لیگ ن کے بارہ رہنماؤں نے حفاظتی ضمانت کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔ دائر کی گئی درخواست میں اسٹیٹ اور انچارج تھانہ قلعہ گھر سنگھ کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست جمع کرانے کے بعد لیگی رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں عطاء اللہ تارڑنے کہا کہ شہباز گل کیس کا بدلہ لینے کے لیے ہم پر جھوٹے مقدمات درج کیے گئے ہیں، پتہ چل رہا ہے پرویز الہٰی کی حکومت آئی ہے۔

رانا مشہود نے اس موقع پر کہا کہ ہم پر بے بنیاد مقدمات بنائے گئے، ہم پاکستان کی ترقی اور پنجاب کی ترقی کے لیے کام کریں گے۔

پنجاب میں درج مقدمات پر جن لیگی رہنماؤں نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے ان میں عطاء اللہ تارڑ، عادل چھٹہ، شعیب برتھ، ملک غلام حبیب، رانا مشہود، سردار اویس، مرزا جاوید، سیف الملوک، پیر خضر حیات، راجہ صغیر، عبدالرؤف، بلال فاروق اور رانا منان شامل ہیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ، رانا مشہود، راجہ صغیر اور دیگر نے حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کردی،، عطااللہ تارڑکاکہناہےشہبازگل کیس کا بدلہ لینے کے لیے ہم پر مقدمات درج کیے گئے ہیں