Friday, April 19, 2024

11 رکنی سیاسی اتحاد کا پہلا پاور شو، اپوزیشن رہنماء خوب گرجے

11 رکنی سیاسی اتحاد کا پہلا پاور شو، اپوزیشن رہنماء خوب گرجے
October 18, 2020
گوجرانوالہ (92 نیوز) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کا حکومت مخالف تحریک کا آغاز، 11 رکنی اتحاد کے جلسے میں اپوزیشن رہنماء خوب گرجے۔ مریم نواز کا کہنا تھا عمران خان کرپشن کرپشن کے راگ الاپتے ہیں، ان کی کرپشن کی داستانیں سامنے آئیں گی تو لوگ کانوں کوہاتھ لگائیں گے۔ بلاول بھٹو کی بھی وزیراعظم عمران خان اور ان کی پالیسیوں پر تنقید کی، مولانا فضل الرحمٰن نے کہا جعلی حکمران انجام کو پہنچنے والے ہیں، جلسے میں کارکن آپس میں اور رہنماء پولیس اہلکاروں سے الجھتے رہے۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے حکومت کے خلاف تحریک کا آغازکردیا۔ 11 رکنی سیاسی اتحاد نے پہلا پاور شو پہلوانوں کے شہر گوجرانوالہ میں کیا۔ جہاں مرکزی قائدین نے کارکنوں کا لہو گرمایا۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کرپشن کرپشن کے راگ الاپتے ہیں، عمران خان کی کرپشن کی داستانیں سامنے آئیں گی تو لوگ کانوں کو ہاتھ لگائیں گے۔ عمران خان یاد رکھو صفحہ پلٹتے دیر نہیں لگتی۔ مریم کے بعد خطاب کی باری چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی تھی جنہوں نے اپنی تقریر کے دوران عمران خان اور ان کی پالیسیوں پر کھل کر تنقید کی۔ جلسے سے آخری خطاب پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا تھا جنہوں نے دعویٰ کیا کہ جعلی حکمران اپنے انجام کو پہنچنے والے ہیں،،حکومت آنے والا دسمبر نہیں دیکھے گی۔ گرینڈ ڈیمو کریٹک موومنٹ کے اس سیاسی شو میں انتظامی کوتاہیاں کھل کر سامنے آئیں۔ کہیں کارکن آپس میں لڑتے رہے تو کہیں رہنماء پولیس اہلکاروں سے الجھتے نظر آئے۔ پی ڈی ایم کے جلسہ میں حکمت عملی کا فقدان بھی دیکھنے کو ملا۔ جلسہ گاہ میں مرکزی قیادت تاخیر سے پہنچی جس کی وجہ سے خطاب سنے بغیر ہی کارکنوں کے انخلاء کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ مریم نواز کے خطاب کے بعد کارکنوں جلسہ گاہ سے جانے لگے۔ بلاول بھٹو زرداری نے بھی لمبی تقریر کی اور جب مولانا فضل الرحمٰن کی باری آئی تو کارکنوں کی بڑی تعداد اسٹیڈیم چھوڑ چکی تھی۔