Friday, March 29, 2024

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی بربریت کو 107 روز مکمل ہو گئے

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی بربریت کو 107 روز مکمل ہو گئے
October 23, 2016
سرینگر (ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی بربریت کے خلاف ایک سو ساتویں روز بھی مکمل ہڑتال کی گئی۔ پرامن مظاہرین پر شیلنگ سے ایک اور کشمیری نوجوان جاوید میر کی شہادت کے خلاف آج بھی مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا۔ غلط انجکشن سے یاسین ملک کی حالت تشویشناک ہونے کے بعد انہیں جیل سے اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کے دائیں بازو نے کام کرنا چھوڑ دیا۔ مقبوضہ وادی میں بھارتی فورسز کے مظالم کے خلاف آج ایک سو ساتویں روز بھی مکمل ہڑتال کی گئی۔ تمام مرکزی بازار، کاروباری و تعلیمی ادارے اور پٹرول پمپ بند رہے۔ کل ضلع بڈگام میں پرامن مظاہرین پر بھارتی فورسز کی آنسو گیس کی شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں ایک نوجوان جاوید میر کی شہادت کے خلاف احتجاج کے دوران مظاہرین نعرے لگاتے رہے۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آج بھی بھارتی درندوں کی جانب سے شدید شیلنگ کی گئی جس کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہو گئے۔ ادھر کشمیری حریت پسند رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک کی والدہ ریحانہ حسین ملک کے مطابق یاسین ملک کی حالت بگڑ گئی ہے جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ غلط انجکشن کی وجہ سے ان کا دایاں بازو شل ہو گیا ہے۔ واضح رہے کہ آٹھ جولائی کو کشمیری نوجوان برہان وانی کی شہادت کے بعد سے بھارتی فوج نے اب تک پیلٹ گن اور دوسرے ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے ایک سو گیارہ نہتے کشمیریوں کوبے دردی سے شہید کر دیا گیا ہے جبکہ چودہ ہزار سے زائد زخمی بھی ہیں۔