Sunday, May 12, 2024

10 ویں اور 12 ویں جماعتوں کیلئے امتحانات بالترتیب 23 اور 29 جون کو شروع ہونگے، این سی او سی

10 ویں اور 12 ویں جماعتوں کیلئے امتحانات بالترتیب 23 اور 29 جون کو شروع ہونگے، این سی او سی
May 30, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق 10 ویں اور 12 ویں جماعتوں کیلئے امتحانات بالترتیب 23 اور 29 جون کو شروع ہوں گے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ملک بھر میں کورونا سے متعلق صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ میٹرک اور انٹر کے امتحانات 23 جون سے 29  جولائی تک ہوں گے، امتحانات سے قبل صوبے 31 مئی سے کلاسز شروع کرسکتے ہیں۔

این سی او سی نے اساتذہ اور تعلیمی اداروں کےعملے کے لیے ویکسینیشن لازمی قرار دے دی ہے۔ اساتذہ اور تعلیمی اداروں کا عملہ کورونا ویکسینیشن 10 جون تک مکمل کروائے، اساتذہ، 18 سال سے زائد عمر کے تعلیمی اسٹاف کے لیے واک ان ویکسینیشن کھول دی گئی، وہ قریبی مرکز صحت سے ویکسین لگوا سکتے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے سندھ میں کورونا کے بڑھتے کیسز پر تشویش کا اظہار کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ متحدہ عرب امارات سے آنے والے مسافروں کے صرف مجاز لیباریٹریز سے کرائے گئے ٹیسٹ قابل قبول ہوں گے۔ غیرمجاز لیبارٹریز کے ٹیسٹ والے مسافر کو بٹھانے پر ائیر لائن کو جرمانہ کیا جائے گا۔ پاکستان پہنچنے پر مسافروں کا دوبارہ کورونا ٹیسٹ ہوگا، ٹیسٹ مثبت آنے پر متاثرہ شخص کو قرنطینہ میں بھیجا جائے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 50 سال سے زائد عمر کے کسی بھی سیاح کو ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ کے بغیر ہوٹل میں رہنے کی اجازت نہیں ہوگی۔30 سال یا اس سے زائد عمر کے سیاحوں کے لیے بھی ہوٹل میں قیام کے لیے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیدیا گیا، اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔

این سی او سی نے کورونا کے کم شرح والے اضلاع میں پارک، واٹرپارک، سوئمنگ پولز کھولنےکی اجازت دے دی۔ پارکس میں مجموعی صلاحیت کے 50 فیصد تک لوگوں کو آنے کی اجازت ہوگی۔