Friday, May 17, 2024

10 سال میں ہونیوالی لوٹ مار بار بار بتاتا رہوں گا، وزیراعظم عمران خان

10 سال میں ہونیوالی لوٹ مار بار بار بتاتا رہوں گا، وزیراعظم عمران خان
July 31, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا 10سال میں ہونیوالی لوٹ مار بار بار بتاتا رہوں گا ۔ لوگ لوٹ مار کو بھول نہ جائیں، اس لیے باربار بات کرتا ہوں۔ وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے پر پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیر برائے ہاؤسنگ چوہدری طارق بشیر چیمہ، وزیر اقتصادی امور حماد اظہر، اٹارنی جنرل انور منصور خان، گورنر سٹیٹ بنک باقر رضا، سیکرٹری ہاؤسنگ ڈاکٹر عمران زیب، سیکرٹری خزانہ نوید کامران بلوچ، سیکرٹری قانون ارشد فاروق فہیم، چیئرمین ایف بی آر سید شبر زیدی، چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر و دیگر افسران شریک ہوئے۔ اجلاس میں وزیرِ اعظم کو نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ پر اب تک ہونے والی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیرِ اعظم نے کہا نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبہ موجودہ حکومت کا اہم ترین منصوبہ ہے جس سے نہ صرف ملک میں بے گھر افراد کو ذاتی چھت میسر آئے گی اور مکانوں کی کمی کو پورا کرنے میں مدد ملے گی بلکہ اس منصوبے سے تعمیرات سے وابستہ صنعتوں کو فروغ ملے گا، نوجوانوں اور ہنر مند کو نوکریوں کے مواقع میسر آئیں گے اور معیشت کا پہیہ چلے گا۔ انہوں نے کہا حکومت کی کوشش ہے کہ کم آمدنی والے افراد اور تنخواہ دار طبقے کو آسان شرائط پر گھر کی سہولت میسر آئے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ملک میں سوا کروڑ گھروں کی قلت ہے۔ اکثر لوگوں کے پاس مکان بنانے کیلئے رقم نہیں۔ گوادر میں مچھیروں کیلئے گھر تعمیر کرنے سے منصوبے کا آغاز ہو گا۔