Thursday, March 28, 2024

10 سال قبل اغوا کئے گئے 16 کان کنوں کی لاشیں کوہاٹ سے مل گئیں

10 سال قبل اغوا کئے گئے 16 کان کنوں کی لاشیں کوہاٹ سے مل گئیں
April 9, 2021

کوہاٹ (92 نیوز) اُمیدیں دم توڑ گئیں، چراغ بجھ گئے۔ 10 سال قبل اغواء ہونے والے کان کن واپس نہ لوٹ سکے۔ کوہاٹ کے سولہ کان کنوں کی لاشیں مل گئیں۔ امن دشمنوں نے مزدوروں کو قتل کرکے اجتماعی قبر میں دفن کردیا تھا۔

کوہاٹ میں خوف کی فضا، وہ مزدور جو لاپتہ تھے وہ اب گھر کو نہ لوٹ سکیں گے، کیونکہ پہاڑی علاقے تور چپراکی سے 16 کان کنوں کی لاشیں ملیں۔

کان کنوں کو انتیس ستمبر دو ہزار گیارہ کو اغوا کیا گیا تھا۔ امن دشمنوں نے قتل کرکے اجتماعی قبر میں دفن بھی کردیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق ڈی این اے رپورٹ کے بعد لاشوں کی شناخت ہوسکے گی۔

آئی جی کے پی ثنا اللہ عباسی نے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔ نائنٹی ٹو نیوز سے گفتگو میں ملزمان کی جلد گرفتاری کا یقین بھی دلایا۔

منسٹر لیبر خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ مزدوروں کے ورثا کرب سے گزر رہے ہیں۔ مزدروں کی بازیابی کیلئے تاوان بھی مانگا گیا تھا۔

اغواء ہونے والے کان کنوں کا تعلق شانگلہ سے ہے۔ لاشوں کو کوہاٹ کے علاقے جامو جواکی منتقل کیا گیا جبکہ ملنے والی باقیات کی شناخت کے بعد کان کنوں کے جنازے شانگلہ میں ادا کئے جائیں گے۔