Tuesday, December 7, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

وفاقی کابینہ نے ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافے کی سمری مسترد کردی

وفاقی کابینہ نے ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافے کی سمری مسترد کردی
September 14, 2021 --- ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی کابینہ نے ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافے کی سمری مسترد کردی۔

وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں کہا کہ 10 فیصد ایڈہاک الاؤنس کی سمری کفایت شعاری بنیاد پر مسترد کی گئی۔ وزیراعظم نے گندم کی خریداری میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کیا۔ صوبوں کو گندم جاری کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کابینہ اجلاس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) سے متعلق معاملہ زیربحث آیا۔ ای وی ایم اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے متعلق پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔ کریمنلز ریفارمز سے متعلق امور پر بھی بات ہوئی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ فوجداری قوانین میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کی ویب سائٹ ہیک کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ زیادہ تر ڈیٹا محفوظ رہا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ہیکرز ایف بی آر کے ڈیٹا تک رسائی حاصل نہیں کرسکے۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ ویب سائٹ پر 10 لاکھ سے زائد حملوں کو ناکام بنایا گیا۔ جامع سائبرسیکیورٹی نظام پر کام کررہے ہیں۔

فواد چودھری نے کہا ملک میں انصاف کے نظام کو بہتر کرنا وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے۔ کفایت شعاری مہم کے تحت وزیراعظم ہاؤس اور پارلیمنٹ ہاؤس میں بچت کی گئی۔ وزیراعظم کاعزم ہے دور درازعلاقوں میں مواصلاتی نظام رائج کیا جائے۔

انہوں نے کہا ٹیلی کام سیکٹر میں ترقی سے متعلق امور پر بات ہوئی۔ کابینہ کو اسپیکٹرم کی فروخت پر بریفنگ دی گئی۔ فائیوجی ٹیکنالوجی میں مختلف ٹیلی کام کمپنیاں دلچسپی لے رہی ہیں، ملک میں جلد ہی فائیوجی کا آغاز ہوجائے گا۔

وزیراطلاعات نے کہا قائداعظم فاونڈیشن کا قیام عمل میں لایا گیا۔ بڑی گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کے لیے کسٹم ڈیوٹی ہٹائی جارہی ہے۔