Thursday, December 2, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

فیصل آباد ، بینک ڈکیتی کیلئے آنیوالے ڈاکو پولیس کے ہتھے چڑھ گئے

فیصل آباد ، بینک ڈکیتی کیلئے آنیوالے ڈاکو پولیس کے ہتھے چڑھ گئے
March 5, 2021

فیصل آباد (92 نیوز) فیصل آباد میں سمندری کا علاقہ دن دیہاڑے گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے گونج اٹھا، مرکزی چوک میں ڈاکؤوں اور پولیس میں مڈبھیڑ ہوئی، پولیس نے دو ڈاکؤں کو زخمی حالت میں دبوچ لیا، دیگر دو فرار ہوگئے۔ فائرنگ سے خاتون سمیت پانچ راہگیر بھی زخمی ہوئے۔

سمندری میں غلہ منڈی کے قریب بینک لوٹنے آئے چار ڈاکو الارم بجنے پر بھاگ نکلے تو ڈولفن فورس کے جوان تعاقب میں لگ گئے، فیصل آباد روڈ پرکار کو روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے پولیس اہلکاروں پر جان لیوا فائرنگ کردی۔

ڈولفن اہلکاروں نے بھی جواں مردی سے مقابلہ کیا اور دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، جبکہ دیگر دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، پولیس کے مطابق گاڑی سے نقدی سے بھرا بیگ، حساس ادارے کی کیپ اور خطرناک اسلحہ برآمد ہوا۔

ملزمان اور پولیس کے درمیان ہونے والی فائرنگ سے خاتون سمیت پانچ راہ گیر بھی زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا، دوسری جانب پولیس کے مطابق ملزموں کی شناخت بلال حیدر اور امان سلیم کے نام سے ہوئی، دونوں ملزم ریکارڈ میں پولیس کو مطلوب نکلے۔

جرات اور بہادری کو دیکھتے ہوئے شہریوں نے بھی پولیس کے حق میں خوب نعرے بازی کی، ادھر زخمی ہونے والے دونوں ملزمان کو اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ فرار ہونے والے دیگردوساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔