Tuesday, December 7, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

شہباز شریف نے بجلی، پٹرول، ٹیکس میں اضافہ کو منی بجٹ قرار دیدیا

شہباز شریف نے بجلی، پٹرول، ٹیکس میں اضافہ کو منی بجٹ قرار دیدیا
October 15, 2021 --- ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) اپوزیشن رہنماء شہباز شریف نے بجلی، پٹرول، ٹیکس میں اضافہ کو منی بجٹ قرار دے دیا۔

صدر مسلم لیگ ن نے اپنے ردعمل میں کہا پٹرول، بجلی کی قیمت میں اضافہ عوام اور معیشت کے خلاف دہشت گردی ہے۔ میں نے جو کچھ کہا تھا، وہ سچ اور حکومت جھوٹی ثابت ہوگئی۔ یہ حکومت چلے گی تو معیشت نہیں چلے گی، یہ حکومت چلے گی تو غریب کی روٹی، روزگار اور کاروبار نہیں چلے گا۔

اُنہوں نے کہا آئی ایم ایف کی قربان گاہ پر معیشت اور قوم کو قربان کیا جارہا ہے۔ آئی ایم ایف کی شرائط پر اندھا دھند عمل کرنے والی حکومت نے عوام کے مفاد کا خیال نہیں رکھا۔

اُن کا کہنا تھا تین سال سے ٹیکس مہنگائی، قرض بڑھتے جا رہے ہیں، پہلے ہی مہنگائی قیامت خیز حدوں پر پہنچ چکی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ظلم ہے، حکومت یہ ظالمانہ فیصلہ واپس لے۔

حمزہ شہباز کا کہنا ہے بجلی کی قیمت میں اضافہ کرکے حکومت نے عوام پر مہنگائی کا نیا بوجھ ڈالا ہے۔ تین سال میں گردشی قرض دوگنا سے زیادہ ہو کر 2.5 کھرب ہوگیا۔

اُنہوں نے کہا اس حکومت نے مہنگائی اور نااہلی سے تین سالوں میں عوام کا بھرکس نکال کر رکھ دیا۔ چکی کا آٹا بھی 82 روپے کا ہو چکا، روٹی کی قیمتیں بھی بڑھنے والی ہیں۔ حکومت میں صرف مہنگائی کا گراف اوپر جا رہا ہے۔