Friday, April 19, 2024

افغانستان میں امریکی فوجی اڈے کے قریب خودکش کار بم دھماکہ، تینتیس افراد ہلاک، خوست حملے میں تئیس افراد شدید زخمی

افغانستان میں امریکی فوجی اڈے کے قریب خودکش کار بم دھماکہ، تینتیس افراد ہلاک، خوست حملے میں تئیس افراد شدید زخمی
July 14, 2015
خوست (ویب ڈیسک) افغانستان کے شمال مشرقی علاقے میں ایک امریکی فوجی اڈے کے قریب خود کش کار بم دھماکے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد تینتیس ہو گئی ہے۔ خوست شہر کے نواح میں قائم ایک پولیس چوکی پر اہلکاروں نے تلاشی کے لیے کئی گاڑیوں کو روک رکھا تھا اسی دوران ایک کار میں سوار شخص نے گاڑی کو دھماکے سے اڑا لیا۔ خوست پولیس کے سربراہ فیض اللہ نے خودکش حملے میں ہونے والی ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔ یہ واضح نہیں کہ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں کتنے پولیس اہلکار شامل ہیں۔ علاقے میں تعینات امریکی فوج کے ترجمان نے وضاحت کی ہے کہ حملے میں صرف ایک امریکی اہلکار زخمی ہوا جبکہ تئیس افراد زخمی ہوئے ہیں۔ خودکش حملہ جس مقام پر کیا گیا وہ افغانستان میں تعینات امریکی فوج کے ایک اڈے کیمپ چیپ مین کے قریب واقع ہے جو ماضی میں طالبان کے کئی حملوں کا نشانہ بن چکا ہے۔