Wednesday, November 30, 2022

یکساں جنرل سیلز ٹیکس کیخلاف ہول سیلرز اور ٹریڈرز سراپا احتجاج

یکساں جنرل سیلز ٹیکس کیخلاف ہول سیلرز اور ٹریڈرز سراپا احتجاج
لاہور ( 92 نیوز) یکساں جنرل سیلز ٹیکس کیخلاف ہول سیلرز اور ٹریڈرز شہرشہرسراپا احتجاج بن گئے ، لاہور، گوجرانوالہ ، فیصل آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں تاجروں کی ہڑتال کے باعث مارکیٹیں بند ہیں۔ یکساں جنرل سیلز ٹیکس  کے نفاذ کیخلاف  احتجاج کرتے ہوئے ہول سیلرز اورٹریڈرزکاروبار بند کرکے سڑکوں پر آگئے ، صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت مختلف شہروں میں مارکیٹیں بندہیں۔ فیصل آباد میں ایمبرائیڈری یونٹس کی گیارہویں اور پراسیسنگ ملز کی ساتویں روز بھی  تالہ بندی ہے ، ہول سیلرزاور ٹریڈرز کی بھی شٹرڈاؤن ہڑتال جاری ہے جب کہ انجمن تاجران نے بھی  دو روز کےلیے دکانیں بند رکھنے کاعلان  کر رکھا ہے، انجن تاجران سپریم کورٹ نے گھنٹہ گھر چوک میں احتجاجی کیمپ لگا لیا۔ پولیس نے کارخانہ بازار فیصل آباد میں تاجروں کے کیمپ پردھاوا بول دیا ، پولیس نے شامیانے اکھاڑ دیے اور سامان بھی پھینک دیا، تاجروں نے احتجاجاً دھوپ میں کرسیاں لگا لیں، ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان بھی کردیا۔ گوجرانوالہ میں بھی آج اور کل تمام مارکیٹیں بندرہیں گی،شہر بھرمیں تاجروں نے احتجاج اور ہڑتال کے بینزرز آویزاں کردئے،پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔ تاجروں اور صنعتکاروں کا کہنا ہے کہ حکومت 17 فیصد جی ایس ٹی کے نفاذ پر نظر ثانی کرے،شناختی کارڈ کی شرط بھی ختم کی جائے۔