Monday, October 3, 2022

یونیورسٹی آف فیصل آباد میں محفل میلاد مصطفیؐ کا انعقاد

یونیورسٹی آف فیصل آباد میں محفل میلاد مصطفیؐ کا انعقاد

فیصل آباد ( 92 نیوز ) آقائے دو جہاں ؐ کے ماہ ولادت کے آغاز پر دی یونیورسٹی آف فیصل آباد میں رحمتوں بھری محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا ۔ محفل میں شریک طالبات نے سرکار دو عالمؐ کی شان اقدس میں گلہائے عقیدت پیش کیا ۔ نعتیہ کلمات نے حاضرین کی آنکھیں بھی نم کر دیں ۔


ماہ ربیع الاول کے آغاز پر ولادت مصطفیؐ کی خوشی میں دی یونیورسٹی آف فیصل آباد، یونیورسٹی کالج فار وومن اور یونیورسٹی کیمبرج اسکول کے باہمی اشتراک سے ایک عظیم الشان محفل پاک کا اہتمام کیا گیا ۔ جشن ولادت رسولؐ مناتے ہوئے ثناء خواں طالبات نے رحمت دو جہاں کے حضور انتہائی عاجزی اور انکساری کے ساتھ نذرانہ عقیدت پیش کرتے ہوئے عشق مصطفیؐ کا اظہار کیا ۔


عاشقان رسول کا انداز بیاں حاضرین محفل کے دل میں بھی گھر کر گیا ۔ محفل میلاد مصطفیؐ میں شریک خواتین بھی محمد عربی پر درود و سلام بھیجتی رہیں ۔ طالبات نے نعتیہ کلمات کے زریعے نبی آخر الزمانؐ کی سیرت طیبہ پر روشنی ڈالی تو شرکاء تصور میں مدینہ کی گلیوں میں پہنچ گئے۔


محفل کے اختتام پر حاضرین نے دعا خیر کے ساتھ محبوب خدا محمد مصطفیؐ کی بارگاہ رسالت میں کروڑہا درور و سلام کا نذرانہ پیش کیا۔