یونان میں کشتی ڈوبنے سے 11تارکین وطن زندگی کی بازی ہار گئے

ایتھنز (ویب ڈیسک) یونانی سمندری جزیرے لیسبوس میں تارکین وطن کی ایک اور کشتی ڈوب گئی۔ لکڑی کی کشتی میں سوار گیارہ تارکین وطن سمندر کی لہروں کی نذر ہو گئے جبکہ متعدد افراد لاپتہ ہو گئے۔ یونانی کوسٹ گارڈز نے کشتی میں سوار دو سو بیالیس تارکین وطن کو ڈوبنے سے بچا لیا۔
سمندر کی لہروں میں گم ہوجانے والوں میں چھ نوجوان اور پانچ بچے شامل ہیں۔ لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ ترکی سے دس کلومیٹر دور لیسبوس جزیرہ تارکین وطن کے لیے یورپ میں داخلے کیلئے ابتدائی گیٹ وے بن چکا ہے۔ رواں سال لیسبوس جزیرے کے راستے پانچ لاکھ افراد یونان میں داخل ہوئے۔