یوم شہدائے کشمیر جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا
سرینگر (92 نیوز) مانگ رہی ہے آزادی۔۔۔ کشمیر کی وادی، یوم شہدائے کشمیر جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔
نوے سال قبل آج کے دن سری نگر میں بائیس کشمیریوں نے اذان دیتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، کشمیری شہدا کو خراج عقیدت کیلئے کنٹرول لائن کے دونوں طرف اور پاکستان میں تقریبات ہوئیں۔
صدر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان نے شہدائے کشمیر سے عقیدت کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے ٹویٹ میں لکھا کہ یوم شہدائے کشمیر پر پورا پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ کشمیریوں کو حق خودارادیت ملنے تک کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔
اسلام آباد میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا
شرکا نے عالمی برادری سے مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
مظفر آباد میں شہدا جموں کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے لال چوک مظفرآباد میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
حریت رہنما سید علی گیلانی نے اپنے بیان میں کہا کہ کشمیریوں کی جنگ 13 جولائی 1931 کے شہدا کے مشن کا تسلسل ہے، جسے کشمیریوں نے مستقل مزاجی کے ساتھ جاری رکھا،، 13 جولائی 1931وہ سیاہ دن تھا جب سری نگر سینٹرل جیل کے باہر آذان دینے پر۔22 کشمیریوں کو شہید کیا گیا تھا۔