Tuesday, April 30, 2024

یوسفزئی قبیلے کے سپہ سالار ملک احمد بابا کی 545 ویں سالگرہ کے موقع پر ایک روزہ بین الاقوامی سیمینار کا انعقاد

یوسفزئی قبیلے کے سپہ سالار ملک احمد بابا کی 545 ویں سالگرہ کے موقع پر ایک روزہ بین الاقوامی سیمینار کا انعقاد
May 11, 2015
پشاور (92نیوز) یوسفزئی قبیلے کے سپہ سالار ملک احمد بابا کی 545 ویں سالگرہ کے موقع پرفشنگ ہٹ چکدرہ میں ایک روزہ بین الاقوامی سیمینار کاانعقادکیاگیا۔ مقررین نے ملک احمد بابا کی ساڑھے چار سو سال پہلے 1485ءمیں افغانستان سے پختونخوا آمد اور یہاں پشتونوں کو آباد کرانے کیلئے کئے گئے اقدامات پر تفصیلی مقالے پڑھ کر سنائے۔ مقررین میں افغانستان کے معروف سکالر حبیب اللہ رفیع، پروفیسر آصف صمیم، ڈاکٹر یار محمد مغموم ، ڈاکٹرعبدالخالق زیار، پروفیسر محمد اسلام ارمانی ، پروفیسر محمد نواز طائر، عارف تبسم، پروفیسراباسین یوسفزئی، رحیم اللہ یوسفزئی، پروفیسر ڈاکٹر عبدالحمید، پرویش شاہین، ڈاکٹر شیرزمان سیماب، ڈاکٹر علی خیل دریاب، یونیورسٹی آف ملاکنڈ کے وائس چانسلر ڈاکٹر جوہر علی ، مشتاق مجروح، م ۔ر شفق، روخان یوسفزئی اور دیگر شعرائاور ادیب شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ 1490ءمیں کابل کے مغل حکمران مرزا الغ بیگ نے یوسفزئی قبیلے کے سپہ سالار سلیمان شاہ کے سرکردگی میں سات سو مشران کو مہمان نوازی کے بہانے بلاکر بےدردی سے قتل کردیا جس کے نتیجے میں جواں سال ملک احمد نے بے سروسامانی کی حالت میں افغانستان سے ہجرت کرکے اس خطے میں پختونوں کی الگ ریاست قائم کی جس کا دارالخلافہ مالاکنڈ کو بنایا گیا۔ملک احمد بابا نے اپنے ساتھیوں شیخ ملی، گجو خان اور دیگر کے باہمی مشاورت سے مدبرانہ انداز میں مغل باج گذاروں سے مقامی آبادی اور یوسفزئی قبیلے کو چھڑا کے ان کی بھرپور قیادت کی اور ان کو امن و یکجہتی کا پیغام دیا۔ اس موقع پر یونیورسٹی آف مالاکنڈ کے وائس چانسلر ڈاکٹر جوہر نے یونیورسٹی میں ملک احمد بابا ریسرچ سنٹر اور کلچر میوزیم کے قیام کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ مزار پر گنبد کی نگرانی اور تعمیر و مرمت کا ذمہ بھی اٹھائیں گے۔ یوسفزئی قبیلے کے سپہ سالار ملک احمد بابا کابل کے مضافات میں ملک سلطان شاہ کے ہاں 1470ءمیں پیداہوئے اور 1530ءمیں مالاکنڈ کے تاریخی گاوں آلہ ڈھنڈ ڈھیرئی کے قریب گل نرگس گھڑئی میں وفات پائی۔