Wednesday, December 7, 2022

یورپ کا امریکیوں کیلئے بغیر ویزا سفر کی سہولت ختم کرنے کا فیصلہ

یورپ کا امریکیوں کیلئے بغیر ویزا سفر کی سہولت ختم کرنے کا فیصلہ

برسلز (ویب ڈیسک) امریکا دوسرے ملکوں کے شہریوں کیلئے سخت سفری قانون بنا رہا ہے تو یورپ نے بھی امریکیوں کے بغیر ویزا اپنے ممالک میں سفر کرنے کی سہولت ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ یورپی یونین کی پارلیمنٹ نے امریکا کیلئے سہولت ختم کرنے کے حق میں ووٹ دے دیا۔

برطانوی اخبار ’’دا انڈیپنڈنٹ‘‘ کی رپورٹ کے مطابق یورپی پارلیمنٹ کی شہری آزادی کی کمیٹی نے یہ فیصلہ امریکا کی جانب سے خیرسگالی معاہدے پر رضامندی میں ناکامی پر کیا جس کے تحت 5 یورپی ممالک رومانیا، پولینڈ، قبرص، بلغاریہ اور کروشیا کے شہری بغیر ویزے امریکا کا سفر کرسکتے تھے۔

یورپی کمیشن نے 3 سال قبل اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ امریکا معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریاں نہیں نبھا رہا لیکن اس حوالے سے کوئی قانونی قدم اٹھایا جانا باقی تھا۔ گزشتہ سال دسمبر میں یورپی پارلیمنٹ کے ارکان نے بھی امریکی شہریوں کو بغیر ویزا یورپ سفر کرنے کی سہولت ختم کرنے پر زور دیا تھا تاکہ واشنگٹن اس حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔

یورپی پارلیمنٹ کے بغیر ویزے کی سفری سہولت ختم کرنے کے حق میں ووٹ دیے جانے کے بعد امریکی شہریوں کو اگلے 12 ماہ میں یورپی ممالک میں جانے کے لیے اضافی سفری دستاویزات کی درخواست جمع کرانا ہوگی۔