یورو کپ فٹبال، اسپین اور اٹلی نے سیمی فائنل میں جگہ بنالی
میونخ (92 نیوز) یورو کپ فٹبال کے کوارٹر فائنل مرحلے کا آغاز ہوگیا، اسپین اور اٹلی کی ٹیموں نے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔
یورو فٹبال کپ فائنل فور مرحلے میں جگہ بنانے کی جنگ میں اسپین اور اٹلی کی ٹیمیں کامیاب رہیں۔
پہلے کوارٹر فائنل میں اسپین اور سوئٹزر لینڈ کی ٹیمیں مد مقابل ہوئیں، کھیل کے آغاز پر سوئس ٹیم کے کھلاڑی ڈینس زکریا نے اپنے ہی جال میں گیند پھینک کر اسپین کو برتری دلا دی۔
دوسرے ہاف میں 68 ویں منٹ میں سوئٹزرلینڈ نے گول داغ کر میچ ایک، ایک گول سے برابر کر دیا، میچ کے اختتام تک دونوں ٹیمیں مزید کوئی گول اسکور نہ کر سکیں اور میچ برابر رہا۔
میچ کے اضافی منٹس میں بھی دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں اور پینلٹی شوٹ آؤٹ پر اسپین نے تین، ایک سے کامیابی سمیٹ کر فائنل فور کا ٹکٹ کٹوایا۔
دوسرے کوارٹر فائنل میں اٹلی اور بیلجیئم کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوئیں، اٹلی کی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے بیلجیئم کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔