Thursday, December 7, 2023

ہیلری خاتون اول، سینیٹر اور وزیر خارجہ کے بعد صدر بننے کی خواہاں’ انتخابی مہم کا باضابطہ اعلان کر دیا

ہیلری خاتون اول، سینیٹر اور وزیر خارجہ کے بعد صدر بننے کی خواہاں’ انتخابی مہم کا باضابطہ اعلان کر دیا
April 13, 2015
واشنگٹن (ویب ڈیسک) سابق امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے دو ہزار سولہ کا صدارتی انتخاب لڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ صدارتی انتخاب کیلئے بطور امیدوار ڈیمو کریٹک پارٹی کی نامزدگی چاہتی ہیں۔ سابق امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن کا انتخابی مہم کیلئے نئی ویب سائٹ پر جاری کی گئی ویڈیو میں کہنا ہے کہ وہ صدارتی انتخاب لڑ رہی ہیں اور وہ امریکی عوام کو آگے بڑھانے اور مضبوط بنانے کیلئے ان کی رہنمائی کرنا چاہتی ہیں۔ ہیلری نے مزید کہا کہ وہ امریکیوں کے ووٹ لینے کیلئے مہم شروع کر رہی ہیں اور امید کرتی ہیں کہ عوام اس سفر میں ان کا ساتھ دیں گے۔ ہیلری کلنٹن نے ٹویٹ کر کے بھی صدارتی الیکشن لڑنے کی تصدیق کر دی ہے۔ چھبیس اکتوبر انیس سو سینتالیس کو ایلینوئے میں پیدا ہونے والی ہیلری وزیر خارجہ، سینیٹر اور سابق خاتون اول رہ چکی ہیں اور اب اپنے تجربے کی فہرست میں ایک اور اضافہ کرنا چاہتی ہیں جو عہدہ صدارت کا ہے۔ ڈیمو کریٹک پارٹی کے بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ ہیلری واحد امیدوار ہیں جو ری پبلکن کا راستہ روک سکتی ہیں۔