پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کسی ہوائی جہاز کو طویل ٹریلر پر لاد کر سڑک کے ذریعے ایک سے دوسرے شہر منتقل کیا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، ناکارہ بوئنگ 737 جہاز کو طویل ٹریلر کے ذریعے کراچی سے حیدرآباد روانہ کیا جارہا ہے اور یہ منظر پاکستانی شہریوں کے لیے نہایت حیرت انگیز ہے۔ جہاز کی کراچی سے حیدرآباد منتقلی کے لیے نجی ٹرانسپورٹ کمپنی کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔
اس حوالے سے پاکستان ایئر پورٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ناکارہ طیارے کو ڈس مینٹل کرکے روانہ کیا جارہا ہے، جہاز کو حیدرآباد ائیرپورٹ پر پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی کے ٹریننگ سینٹر میں تربیت کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
ایئرپورٹ اتھارٹی کے مطابق، ہوائی جہاز کے پر، انجن اور پہیے الگ کردیے گئے ہیں، کٹائی حیدرآباد ٹریننگ سینٹر میں جہاز پر فائر فائٹرز سمیت دیگر تربیتی امور کی تربیت دی جائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سعودی عرب میں 3 بڑے بوئنگ 777 طیاروں کو بھی طویل ٹریلرز کے ذریعے ایک سے دوسرے شہر منتقل کیا گیا تھا۔