Thursday, September 19, 2024

ہنگامی صورتحال، دہشتگردانہ حملوں سے نمٹنے کیلئے پاک فوج اور ریسکیو 1122 کی مشقیں

ہنگامی صورتحال، دہشتگردانہ حملوں سے نمٹنے کیلئے پاک فوج اور ریسکیو 1122  کی مشقیں
July 9, 2021

نوشہرہ (92 نیوز) ہر قسم کی ہنگامی صورتحال اور دہشت گردوں کے حملوں سے نمٹنے کے لئے نوشہرہ میں پاک فوج اور ریسکیو 1122 کے جوانوں نے مشقوں میں حصہ لیا۔

نوشہرہ کے اے ایس سی ٹریننگ سنٹر ایریا میں پاک فوج اور ریسکیو 1122 نے مشترکہ فرضی مشقوں کا اہتمام کیا، فرضی مشقوں میں فرسٹ ریسپانڈر کی حیثیت سے فرائض سر انجام دینے والے اداروں نے بھی شرکت کی جس میں کینٹورنمنٹ بورڈ، فائر بریگیڈ کی ٹیموں اور بم ڈسپوزل سکواڈ کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔

اس موقع پر پاک فوج کے جوانوں نے دیگر اداروں کو ایمرجنسی کی صورت میں حالات سے نمٹنے کے لئے تربیت بھی فراہم کی اور ہر ادارے کو ناخوشگوار صورتحال میں ضروری کارروائی کرنے سے متعلق بھی آگاہ کیا۔

فرضی مشقوں کا مقصد کسی بھی ایمرجنسی یا دہشتگردی کی صورت میں بر وقت کارروائی کر کے خود کو محفوظ بنانا ہے تاکہ ایسے موقع پر جامع حکمت عملی کے تحت وہاں موجود افراد کو دہشتگردوں کے چنگل سے بحفاظت آزاد کرایا جا سکے۔