ہنڈراس کے صدر پر کرپشن الزامات کے بعد شہری سراپا احتجاج، ہزاروں شہریوں کا صدر آرلینڈو سے استعفیٰ کا مطالبہ

ہنڈراس (ویب ڈیسک) ہنڈراس کے صدر پر کرپشن کے الزامات کے بعد ہزاروں شہری سڑکوں پر نکل آئے۔ مظاہرین کا صدر آرلینڈو سے مستعفی ہونے کا مطالبہ۔ مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
ہنڈراس کے صدر وان آرلینڈو کا کرپشن میں ملوث ہونے کا اسکینڈل سامنے آنے پر ہزاروں شہری گزشتہ تین ماہ سے سراپا احتجاج ہیں۔ گزشتہ روز بھی ہنڈراس کے دارالحکومت تغوسی غلپا میں ہزاروں شہریوں نے صدر کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ان سے استعفے دینے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے شہر کی بڑی شاہراہوں کو رکاوٹوں سے بلاک کر دیا جس سے ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا۔
پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے اور شاہراہوں کو کھلوانے کی کوشش کی تو مظاہرین اور پولیس میں جھڑپیں شروع ہو گئیں جس سے متعدد افراد زخمی بھی ہو گئے۔ پولیس کی جانب سے مظاہرین پر واٹر کینن اور آنسو گیس کا بھی استعمال کیا گیا۔
ہنڈراس کے صدر اس بات کا اعتراف کر چکے ہیں کہ سکینڈل میں ملوث کمپنیوں نے دو ہزار تیرہ میں ان کی صدارتی مہم میں مالی مدد کی تھی لیکن وہ اور ان کی جماعت اس بات سے بے خبر تھے کہ پیسہ کہاں سے آیا۔