Wednesday, September 18, 2024

ہماری کسی سے کوئی ڈیل نہیں ہوئی، مریم نواز

ہماری کسی سے کوئی ڈیل نہیں ہوئی، مریم نواز
July 6, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کہتی ہیں، ہماری کسی سے کوئی ڈیل نہیں ہوئی، اتنی جدوجہد کے بعد کیا ہم پاگل ہیں کہ ڈیل کرلیں۔

منگل کے روز اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا، اس حکومت کی بنیاد ہی دھاندلی ہے، ہمارے پاس بہت بڑے ثبوت ہیں۔

اُنہوں نے کہا، پی ڈی ایم نے بہت سے مقاصد حاصل کئے ہیں، آزاد کشمیر الیکشن میں دھاندلی ہوئی تو نتیجہ بھگتنا ہوگا، آزاد کشمیر میں آزاد الیکشن ہوئے تو مسلم لیگ ن ہی جیتے گی۔

اُن کا کہنا تھا کہ، شہبازشریف نے میری ذمے داری آزاد کشمیر الیکشن کی مہم کی لگائی ہے، پیپلز پارٹی سے متعلق سوالات کو بار بار نہ دہرایا جائے۔

مریم نواز بولیں کہ، عمران خان کو ہزارہ برادری کے پاس بھی جانا چاہئے تھا، وزیر اعظم نے کہا تھا میں لاشوں سے بلیک میل نہیں ہونگا، بلوچوں کے تحفظات کو دور ہونا چاہئے۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے حکومت پر مزید تنقید کرتے ہوئے کہا، گیس کی بندش کی وجہ سے صنعتیں بند ہوگئیں، جب لوڈ شیڈنگ ہو تو بجلی نہیں بن رہی کا بہانہ بناتے ہیں، لگتا ہے اسرائیل کو تسلیم کرنے کی تیاری کرلی گئی ہے۔ مزید کہا کہ،جب حساب کتاب کا وقت آئے گا تو حساب لیا جائیگا۔