Saturday, December 10, 2022

ہمارا ایک روزہ احتجاج لامحدود وقت میں بھی تبدیل ہو سکتا ہے ، قمر زمان کائرہ

ہمارا ایک روزہ احتجاج لامحدود وقت میں بھی تبدیل ہو سکتا ہے ، قمر زمان کائرہ

لاہور ( 92 نیوز ) پاکستان پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ہمارا  ایک  روزہ احتجاج لامحدود وقت میں بھی تبدیل ہو سکتا ہے ۔  ان کا کہنا تھاکہ جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ کی روشنی میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داروں کو سزا اور شہدا کے خون کا حساب لے کر رہیں گے۔

پیپلز پارٹی کے صوبائی سیکریٹریٹ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے اپنی پارٹی کی جانب سے حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا اعلان کر دیااور کہا کہ 17 جنوری کے احتجاج میں بھرپور شرکت کریں گے ۔ انہوں نے کارکنان کو تیاری کا حکم دے دیا ۔

دوسری جانب سینئیر رہنما پیپلز پارٹی چوہدری منظور نے وزیر اعلیٰ  پنجاب کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ حکمران اتنے بہادر ہیں کہ رات کی تاریکی میں جاکر متاثرہ خاندان سے جاکر ملتا ہے ۔

پیپلز پارٹی کےرہنماؤں کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی خریدو فروخت کی سیاست نہیں کرتی ۔ ہمارا احتجاج سنگل پوائنٹ ایجنڈے کا ہے انتخابی اتحاد کے حوالے سے نہیں۔ جمہوری عمل میں انصاف پہلا عمل ہے ۔ الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہی ہونگے  ۔ الیکشن نہ ہونے کا کوئی سبب نہیں۔