ہمارا احتساب کیا جاتا ہے مگر نندی پورپراجیکٹ کا آڈٹ کیوں:راجہ پرویز اشرف
اسلام آباد(92نیوز)احتساب عدالت نے رینٹل پاور کیس میں عدم حاضری پر سابق ایم ڈی کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے، راجہ پرویز اشرف پر بھی فرد جرم عائد نہ ہوسکی،سابق وزیراعظم نے کہا ہے کہ ہمارا تو احتساب ہوتا ہے مگر نندی پور کی بات پر آڈٹ کرانے کی بات کی جاتی ہے۔
تفصیلات کےمطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت میں سمندری اور نوڈیرو رینٹل پاور کیس کی سماعت ہوئی عدالت نے سابق ایم ڈی کے وارنٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام ملزموں کے حاضر ہونے تک سماعت آگے نہیں بڑھ سکتی عدالت نے راجہ پرویز اشرف کے خلاف فرد جرم کی کارروائی بھی آئندہ سماعت تک موخر کردی۔
سماعت کے بعد راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ کورٹ آف لا میں الزامات کا دفاع کریں گے میڈیا کے سامنے نہیں سابق وزیراعظم نے کہنا تھا کہ سیاستدانوں پر کرپشن اور احتساب کے مقدمات نئی بات نہیں۔
عمران خان پر حکومت کی جانب سے کرپشن کے الزامات پر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ان کے حکومت میں آنے سے پہلے ہی کرپشن کے الزامات عائد کیے جارہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف اور شہباز شریف پر بھی کیس چل رہے ہیں،، جرم ثابت ہونے سے قبل کسی کو مجرم قرار نہیں دینا چاہئے۔