ہر مشکل گھڑی میں پاکستانی عوام کے شانہ بشانہ ہیں، سعودی سفیرنواف

اسلام آباد (92 نیوز) سعودی سفیرنواف بن سعیدالمالکی کہتے ہیں کہ ہر مشکل گھڑی میں پاکستانی عوام کے شانہ بشانہ ہیں، رابطہ عالم اسلامی تنظیم کی جانب سے مستحق افراد کے لیے فوڈ پیکیج اور کھجوریں تقسیم کی گئیں۔
سعودی سفیرنواف بن سعیدالمالکی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور پاکستان ہمیشہ بھائیوں کی طرح رہیں گے۔ پہلے مرحلے میں 6753 راشن کارٹن اور 54 ٹن کجھوریں پاکستان کے مختلف علاقوں میں مستحقین تک پہنچائی جائیں گی۔
سعودی سفیرنے رمضان المبارک کی آمد کی مبارک باد دیتے ہوئے کورونا وائرس کی وباء سے نجات کےلیے دعا کی۔
وزیر خواندگی پنجاب راجہ راشد حفیظ نے اس اقدام کی تعریف کرتے ہوئے رابطہ عالم اسلامی کا شکریہ ادا کیا۔ رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم عیسیٰ کی خصوصی ہدایات کے مطابق فوڈ پیکیج اور کھجوروں کی تقسیم کا عمل شروع کیا گیا ہے۔