ہائی بلڈ پریشر اور دل کے امراض میں گہرا تعلق ہے : طبی ماہرین

لندن (ویب ڈیسک) طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر دل کی بیماری کے شدید خطرے سے دوچار مریضوں کو بلڈ پریشر کی ادویات استعمال کرائی جائیں تو زیادہ جانیں بچائی جا سکتی ہیں۔ طبی ماہرین سمجھتے ہیں کہ انسان کی طرز زندگی کے عوامل بھی فشار خون کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ہائی بلڈپریشر کا دل کی بیماری اور سٹروک کے خطرات سے بہت قریبی تعلق ہے۔ یہ تحقیق برطانیہ کے نیشنل انسٹیٹیوٹ فار ہیلتھ اینڈ کیئر ایکسی لینس سے وابستہ محققین نے کی ہے۔ طبی ماہرین نے 1966ءسے 2015ءکے درمیان 6 لاکھ افراد پر بڑے پیمانے پر کیے گئے ٹیسٹوں سے یہ نتائج اخذ کیے ہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ صحت مند خوراک‘ زیادہ جسمانی مشقت‘ شراب نوشی میں کمی اور ایک صحت مند وزن برقرار رکھ کر ادویات کی نسبت محفوظ، سستے اور پراثر طریقے سے بلڈپریشر اور دل کی بیماریوں کو دور کر سکتے ہیں۔ تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ کسی بھی شخص کا فشار خون جتنے کم درجے سے شروع ہوگا اسے گھٹانے سے اسے اتنا ہی کم فائدہ حاصل ہوگا۔