Saturday, July 27, 2024

گھنٹوں ٹی وی دیکھنے کی عادت لوگوں کو زندگی سے جلد محروم کر سکتی ہے : محققین

گھنٹوں ٹی وی دیکھنے کی عادت لوگوں کو زندگی سے جلد محروم کر سکتی ہے : محققین
August 13, 2016
ٹوکیو (ویب ڈیسک) جاپان کی اوساکا یونیورسٹی سے منسلک محققین نے کہا ہے کہ گھنٹوں ٹی وی دیکھنے کی عادت ان کی زندگی کے دنوں کو کم کرسکتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق جاپانی محققین کا کہنا ہے کہ جتنا زیادہ وقت ٹی وی دیکھا جاتا ہے اتنا ہی ایک شخص کی پھیپھڑوں کی رگوں میں خون جمنے سے موت کا خطرہ بڑھتا جاتا ہے۔ محققین کے مطابق لوگ آج کل ٹی وی دیکھنے میں زیادہ وقت صرف کرتے ہیں اور ان میں ٹی وی پر کئی اقساط کے ڈرامے ایک ہی نشست میں دیکھنے کا رجحان مقبول ہے جو کافی نقصان دہ ہے۔ محققین نے یہ نتائج چھیاسی ہزار رضاکاروں سے تحقیق کے بعد مرتب کیے ہیں۔ ان رضاکاروں کو محققین نے انیس برس تک مشاہدے میں رکھا۔ دوران محققین کو پتا چلا کہ 59لوگوں کی موت پھیپھڑوں میں انجماد خون کے نتیجے میں واقع ہوئی تھی۔ اس کیفیت کو لیے طبی زبان میں ”پلمونری امبولیزم“ کا نام دیا جاتا ہے۔ جریدہ ”سرکولیشن“ میں شائع رپورٹ کے مطابق ہر روز ڈھائی گھنٹے سے کم وقت ٹی وی دیکھنے والوں کے مقابلے میں اضافی دو گھنٹے ٹی وی دیکھنے والے شرکاءکی پھیپھڑوں کی رگوں میں خون جمنے کا خطرہ 40فیصد زیادہ تھا۔ وہ لوگ جو ہر روز 5 گھنٹے یا اس سے زیادہ وقت ٹی وی دیکھتے تھے ان میں پھیپھڑوں میں خون کا لوتھڑا جمنے کا خطرہ 5.2 یا ڈھائی گنا زیادہ تھا۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ غیرفعال طرز زندگی خون کے بہاو کو سست کر دیتی ہے جس سے جسم کی بڑی وریدوں عام طور پر ٹانگوں اور کمر میں خون کا لوتھڑا بن سکتا ہے کبھی کبھی خون کا یہ لوتھڑا ٹوٹ کر آزاد ہوسکتا ہے اور خون کی گردش کے ساتھ سفر کرسکتا ہے اور اگر یہ پھیپھڑوں کی وریدوں میں پھنس جائے تو اس سے سینے میں درد اور سانس لینے میں دشواری ہو سکتی ہے اور اگر یہ کیفیت شدید ہو جائے تو موت واقع ہو جاتی ہے۔