لاہور(ویب ڈٰیسک)جمالیات انسانی فطرت کا حصہ ہے۔ گھر ہو یا انسانی استعمال کی اور زندگی برتنے کی دیگر اشیاء، ہر شخص چاہتا ہے کہ اس کے استعمال میں موجود ہر چیز خوب صورت اور دل کش نظر آئے۔یہی کچھ پرسنل کمپیوٹر اور موبائل فون کا ہے۔
تفصیلات کےمطابق پی سی اور موبائل فون کے یوزرز اپنے پی سی اور موبائل فون کو ایسے وال پیپرز سے سجاتے ہیں جو فطرت کی خوب صورتی کے مظہر ہوں یا ان کی کسی کیفیت کا اظہار کرتے ہوں۔ خاص طور پر جب موبائل فون کی فروخت کا معاملہ ہو تو وال پیپر بہت اہمیت اختیار کرلیتے ہیں۔ ان کی وجہ سے موبائل فون نیا اور دل کش نظر آتا ہے۔اس ضرورت کو سامنے رکھتے ہوئے گوگل نے ایک نئی ایپلی کیشن متعارف کرائی ہے۔ اس ایپلی کشن کا نام ہے ’’وال پیپرز۔‘‘
گوگل کی متعارف کردہ ایپلی کیشن وال پیپرز دل کش اور معیاری وال پیپرز کی کثیر تعداد پر مشتمل ہے۔ اس ایپلی کیشن پر موجود وال پیپرز میں بہت متاثرکُن اور خوب صورت لینڈاسکیپ فوٹو، دل فریب آرکیٹیکچرل شوٹس، تجریدی تصاویر اور گوگل ارتھ کے کچھ شان دار سیٹلائٹ امیجز بھی شامل ہیں۔
اس ایپلی کیشن پر موجود ایک فیچر استعمال کنندگان کو یہ سہولت فراہم کرتا ہے کہ وہ اپنا وال پیپر ہر روز تبدیل کرسکتے ہیں۔ جو لوگ اپنی موبائل فون پر نت نئے اور خوب صورت سے خوب صورت وال پیپرز لانے کی خواہش رکھتے ہیں ان کے لیے گوگل کی متعارف کردہ ایپلی کیشن وال پیپرز بہت مفید اور دل چسپ ثابت ہوگی۔