Thursday, September 29, 2022

گورنر پنجاب اور نمائندہ پاک ایڈ نے وزیراعظم کو دیا میر بھاشا،مہمند ڈیم کیلئے چیک پیش کیا

گورنر پنجاب اور نمائندہ پاک ایڈ نے وزیراعظم کو دیا میر بھاشا،مہمند ڈیم کیلئے چیک پیش کیا
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم سے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور اور پاک ایڈ تنظیم کے نمائندے نجم الہدیٰ خان کی ملاقات ہوئی۔ گورنر پنجاب اور نمائندہ پاک ایڈ نے وزیراعظم کو پاک ایڈ کی جانب سے دیا میر بھاشا اور مہمند ڈیم کے لئے 36 ملین روپے کا چیک پیش کیا۔ ذرائع کے مطابق ڈیم فنڈ کے لئے 36 ملین کا چیک پاک ایڈ کے چیئرمین امام قاسم نے دیا۔ وزیر اعظم اور گورنر پنجاب سے ملاقات میں صوبے کے سیاسی معاملات پر تفصیلی بات ہوئی۔  ذرائع کے مطابق گورنر سے ملاقات میں صوبے میں امن و امان اور گورننسس کے ایشوز پر بات ہوئی۔ وزیر اعظم اور گورنر پنجاب کی ملاقات میں دنیا بھر سے سرمایہ کاروں کو پاکستان لانے کے لئے روڈ شوز منعقد کرانے پر غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق دونوں کی اہم ملاقات میں ملکی معیشت کی بہتری کے لیے تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔ وزیر اعظم نے گورنر پنجاب کو دنیا بھر میں سرمایہ کاری کے حوالے سے روڈ شوز منعقد کرنے کی ہدایت دیدی ۔ وزیراعظم نے کہا برطانیہ، دبئی، امریکہ ، کینیڈا سمیت دنیا بھر میں روڈ شوز منعقد کئے جائیں۔ پاکستان سرمایہ کاری کے لئے دنیا کا بہترین ملک ہے۔ دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کو مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیں۔ اووسیز پاکستانی بھی اس موقع سے فائدہ اٹھائیں۔