گورنر سندھ بیگانی شادی میں عبداللہ دیوانہ بن رہے ہیں ، سعید غنی

کراچی ( 92 نیوز) سندھ کے وزیربلدیات سعید غنی نےکہاہےکہ گورنر سندھ بیگانی شادی میں عبداللہ دیوانہ بن رہے ہیں ، اسمبلی اجلاس بلانے کی ریکوزیشن پر جعلی دستخط ہیں تو اس کی تصدیق کرنے کا اختیار اسپیکر کو ہے۔دوسری جانب تحریک انصاف نے سندھ حکومت کے خلاف سڑکوں پر آنے کا اعلان کردیا۔
سعید غنی نے سندھ اسمبلی صحافیوں سےگفتگو کرتے ہوئے کہاکہ گورنر سندھ وزیراعلیٰ کی ایڈوائس پرکام کرنے کے پابند ہیں ، وہ اپنے اختیارات سے تجاوز کررہےہیں۔ اسمبلی اجلاس کی ریکوزیشن پرجعلی دستخط کی بات کرنے والے گورنرسندھ بیگانی شادی میں عبداللہ دیوانہ بن رہے ہیں۔
دوسری جانب خرم شیرزمان نے صحافیوں سےگفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سندھ میں عوام کے پاس پینے کاپانی نہیں ہے، نوکریوں میں میرٹ کانظام نہیں ہے ،محکموں میں کرپشن ہے ، سندھ حکومت کی نالائقی کےخلاف سڑکوں پر آئے گی۔
خرم شیرزمان نے کہاکہ مقدس اسمبلی کو اسپیکر کی وجہ سے سب جیل قراردے دیاگیا ،جس کی مزمت کرتے ہیں۔