Saturday, July 27, 2024

گورنر خیبرپختونخوا اور گورنر پنجاب کا مدت مکمل ہو نے تک استعفیٰ نہ دینے کا فیصلہ

گورنر خیبرپختونخوا اور گورنر پنجاب کا مدت مکمل ہو نے تک استعفیٰ نہ دینے کا فیصلہ
August 5, 2018
اسلام آباد( 92 نیوز) گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا اور گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے 8 ستمبر تک استعفے نہ دینے کا فیصلہ کر لیا، استعفے نہ دینے کا فیصلہ دونوں گورنرز نے صدر ممنون حسین کی ہدایت پر کیا، اقبال ظفر جھگڑا کو خیبرپختونخوا کا گورنر برقرار رکھنے کے لئے بھی کوششیں شروع کردی گئیں۔ خیبرپختونخوا اور پنجاب کے گورنرز نے صدر پاکستان ممنون حسین کی ہدایت پر 8 ستمبر سے قبل استعفیٰ نہ دینے کا فیصلہ کر لیا ہے، صدر پاکستان کی مدت بھی 8 ستمبر کو ختم ہو رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں گورنرز اس سلسلہ میں میاں محمد نواز شریف کو اعتماد میں لینے کے لئے ان سے منگل کے روز ملاقات کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر خیبر پختونخوا کو برقرار رکھنے کے لئے کئی شخصیات متحرک ہو گئی ہیں ، جو پی ٹی آئی قیادت کو فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کا عمل شروع ہونے کے باعث گورنر اقبال ظفرجھگڑا کو نہ ہٹانے کا جواز پیش کریں گی۔ اقبال ظفر جھگڑا نے بھی ایسی ہی خواہش ظاہر کی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا، پنجاب اور سندھ کے گورنرز کی صدر کے ساتھ ملاقات میں سندھ کے گورنر نے اسمبلی اجلاس کی سمری پر دھاندلی سے وجود میں آنے والی اسمبلی کے الفاظ لکھنے کی تجویز سے صدر پاکستان نے اتفاق نہیں کیا تو محمد زبیر عمر مستعفی ہو گئے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ اقبال ظفر جھگڑا خود کو گورنر کے پرکشش عہدے پر  برقرار رکھنے کی کوشش میں کامیاب ہوتے ہیں یا نہیں۔