Tuesday, February 7, 2023

گوجرانوالہ میں کونسلر نے ڈونلڈ ٹرمپ کیلئے مبارکبادی بینر لگوا دیے

گوجرانوالہ میں کونسلر نے ڈونلڈ ٹرمپ کیلئے مبارکبادی بینر لگوا دیے

گوجرانوالہ (92نیوز) احتجاج کی بات تو ہو ہی گئی مگر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے ایک خوشخبری بھی ہے۔ دنیا بھر میں مخالفت کا نشانہ بننے کے بعد نومنتخب امریکی صدر کو بالآخر حامی مل ہی گیا۔ گوجرانوالہ کے ایک کونسلر نے مبارکباد کے بینر لگوا دیے۔ اسے کہتے ہیں بیگانی شادی میں عبداللہ دیوانہ۔ دنیا بھر میں نومنتخب امریکی صدر ٹرمپ کےخلاف مظاہرے ہو رہے ہیں لیکن پہلوانوں کے شہر گوجرانوالہ میں ان کے حق میں بینر لگا دیے گئے ہیں۔

موصوف حال ہی میں تحریک انصاف کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے ایک جنرل کونسلر ہیں۔ جناب نجانے کیوں ٹرمپ کے دیوانے ہیں اسی لئے اس نے پورے شہر میں نئے امریکی صدر کو مبارکباد دینے کے بینر سجا دیے ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ موصوف کی اس محبت کی خبر ٹرمپ تک کب پہنچتی ہے اور وہ اس محبت سے متاثر ہو کر کونسلر صاحب کی کیا خدمت کرتے ہیں۔