Sunday, March 3, 2024

گوجرانوالہ میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، کالعدم تنظیم کے 5 دہشتگرد گرفتار

گوجرانوالہ میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، کالعدم تنظیم کے 5 دہشتگرد گرفتار
December 27, 2019
 لاہور (92 نیوز) گوجرانوالہ میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 5 دہشتگرد گرفتار کر لیئے۔ ملک کا امن خراب کرنے کی مذموم کوشش ناکام بنا دی گئی۔ سی ٹی ڈی اور حساس ادارے نے مل کر ملک کے دشمنوں کے عزائم خاک میں ملا دیئے۔ گوجرانوالہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے میڈیا سیل پر کارروائی کی گئی۔ کارروائی کے دوران پرٹنگ پریس، لیپ ٹاپس ،خودکش جیکٹس، اسلحہ اور بارودی مواد  قبضے میں لے لیا گیا۔ سی ٹی ڈی پنجاب کے ترجمان کے مطابق کارروائی گزشتہ روز کی گئی جس میں 5 دہشتگردوں  کو گرفتار بھی کر لیا گیا۔ ادارے ان افراد کے خلاف کئی ماہ سے معلومات حاصل کر رہے تھے۔ سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق  گرفتار افراد  نہ صرف کالعدم تنظیم کے لیے   میڈیا سیل چلا رہے تھے  بلکہ فنڈ بھی اکٹھے کرکے  افغانستان بھجواتے  تھے۔ گرفتار ہونے والوں میں  عاصم اکبر جو کہ لاہور کا رہائشی اور میڈیا ایکسپرٹ ہے۔ کراچی کے رہائشی عبداللہ عمیر، احمد، محمد یوسف اور محمد یعقوب شامل ہیں۔ تمام افراد کے خلاف پولیس اسٹیشن گوجرانوالہ میں مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔