Saturday, September 21, 2024

گزشتہ 5برسوں میں پاکستانی برآمدات میں 6.7بلین ڈالرز کی ریکارڈ کمی ہوئی

گزشتہ 5برسوں میں پاکستانی برآمدات میں 6.7بلین ڈالرز کی ریکارڈ کمی ہوئی
June 18, 2018
فیصل آباد ( 92 نیوز) گزشتہ پانچ برسوں کے دوران پاکستان کی برآمدات میں 6.7 بلین ڈالرز کی ریکارڈ کمی آئی ہے ، جس نے نہ صرف ملکی معیشت کو ہلا کر رکھ دیا ہے بلکہ ایکسپورٹرز کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے ،مل مالکان حکمرانوں سے پوچھتے ہیں کہ اگر کچھ کیا تو حساب دیں ۔ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنی والی ایکسپورٹ انڈسٹری زوال کا شکار ہو چکی ہے، سال 2013ء میں پاکستان نے ایکسپورٹ کی مد میں 25 بلین ڈالرز کا زرمبادلہ کمایا جس میں ٹیکسٹائل ایکسپورٹ 13 اعشاریہ 4 ارب تھا ۔ ایکسپورٹ میں ٹیکسٹائل انڈسٹری، سپورٹس، زراعت، چمڑا اور دیگر اشیاء کی برآمدت میں واضح کمی آئی ہے ، ایکسپورٹرز نے اس بحران کی وجہ حکومتی ناقص پالیسوں،انرجی کا بحران اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کو قرار دے دیا ۔ مختلف صوبوں میں قیمتوں کا فرق بھی ایکسپورٹ میں کمی کی  ایک نمایاں وجہ بنی ، ماہر  معاشیات کے مطابق  برآمدات میں ایک بلین ڈالر کی کمی کا مطلب ایک لاکھ مزدور کا بے روز گار ہونا ہے ، یہاں لاکھوں لوگوں کے چولہے ٹھنڈے پڑ چکے ہیں لیکن حکمرانوں کو کوئی خبر نہیں ۔ پاکستان کی ایکسپورٹ انڈسٹری میں بتدریج کمی آ رہی ہے، صعنت کاروں کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے اس جانب توجہ نہ دی تو ملکی معیشت تباہ ہو کر رہ جائے گی ۔ پانچ سال میں بدترین کارکردگی کی حامل حکومت نے درآمدات کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ، ایکسپورٹرز حکمرانوں سے سوال کرتے ہیں کہ نئے وعدے بعد میں، پہلے 2013 کے انتخابات میں کئے گئے دعووں کا حساب دو۔