Saturday, July 27, 2024

کے پی کے حکومت کا اسپتالوں کی خودمختاری میں مزاحمت کرنیوالے ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

کے پی کے حکومت کا اسپتالوں کی خودمختاری میں مزاحمت کرنیوالے ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ
February 4, 2016
  پشاور(92نیوز)خیبر پختونخوا حکومت نے اسپتالوں کی خود مختاری کے خلاف مزاحمت کرنے والے ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے اور احتجاج کرنے والے ڈاکٹروں کے سامنے گھٹنے نہ ٹیکنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ تفصیلات کےمطابق خیبر پختونحوا حکومت نے ہڑتال کرنے والے ڈاکٹروں اور پیرا میڈکس کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا فیصلہ کیا ہے اور ان کے ساتھ کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ اگر ڈاکٹروں نے روش نہ بدلی  تو انہیں ملازمت سے بھی بر طرف کیا جائے گا ، پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت شہرام ترکئی نے بتایا کہ سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹروں نے ہڑتال کی تو فائدہ نجی کلینک چلانے والے ڈاکٹروں کو ہوا، انہوں نے کہا کہ ہڑتال سے مریضوں کو نقصان ہوا جسے حکومت برداشت نہیں کرے گی۔ وزیر صحت نے واضح کیا کہ اسپتالوں میں لازمی سروسز ایکٹ نافذ ہے جس کے ہوتے ہوئے ہڑتالوں کا کوئی جواز نہیں بنتا شہرام خان ترکئی کے مطابق صوبہ بھر کے اسپتالوں کی خودمختاری کی اجازت عدالت نے دی ہے اور وہ اصلاحات لاکر رہیں گے، انہوں نے کہا کہ اس وقت ٹی ایم او زڈاکٹروں کی تربیت میں مشکل پیش آرہی ہے اس لئے پی جی ایم آئی کو ختم نہیں بلکہ اختیارات منتقل کرکے اس کا دائرہ کار وسیع کیا جا رہا ہے۔