کینیڈین صوبے برٹش کولمبیا میں گرمی سے مرنے والوں کی تعداد 486 تک جا پہنچی
اوٹاوا (92 نیوز) دنیا کے مختلف حصوں میں سورج آگ اگلنے لگا۔ کینیڈین صوبے برٹش کولمبیا میں گرمی سے مرنے والوں کی تعداد 486 تک جا پہنچی۔
شدید گرمی سے کینیڈا کے گاؤں لٹن میں آگ بھڑک اٹھی۔ کئی مکانات اور گاڑیاں آگ کی لپیٹ میں آگئیں۔ شہریوں کی بڑی تعداد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ لٹن گاؤں میں ریکارڈ 49 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
امریکا کی شمال مغربی ریاستوں اوریگن اور واشنگٹن میں شدید گرمی کی وجہ سے اموات کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔ غیر معمولی گرمی کے باعث ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 100 تک پہنچ گئی ہے۔ امریکا کی ریاست اوریگن میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔
ادھر اقوام متحدہ نے تصدیق کر دی ہے کہ 98 فیصد برف سے ڈھکے براعظم انٹارکٹیکا میں درجہ حرارت ریکارڈ 18.3 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے۔ ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن کا کہنا ہے کہ انٹکارکٹیکا دنیا کے سب سے تیزی سے گرم ہونے والے خطوں میں شامل ہو گیا ہے۔