کینیڈا میں اسلاموفوبیا کے واقعات میں اضافہ ، ایک اور پاکستانی پر چاقو سے حملہ
اوٹاوا (92 نیوز) کینیڈا میں مسلمانوں کے خلاف پرتشدد واقعات میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا۔ سسکاٹون میں دو سفید فام افراد نے پاکستانی شخص کو چاقو کے وار کر کے زخمی کر دیا۔ محمد کاشف کی داڑھی بھی کاٹ دی۔
کاشف کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ پارکنگ میں اپنی گاڑی کے پاس کھڑا تھا ، میرے پیچھے آکر ایک گاڑی رکی۔ انہوں نے آتے ہی پیچھے سے مجھ پر چاقو سے حملہ کر دیا۔ حملہ آوروں نے مجھے گالیاں دینا شروع کر دیں۔
کاشف کے مطابق حملہ آوروں کا کہنا تھا کہ تم یہاں کیوں ہو، ہم مسلمانوں کو پسند نہیں کرتے، تم نے یہ لباس کیوں پہنا ہوا ہے۔ پھر ایک شخص نے میرے ہاتھ پکڑے اور دوسرے نے میری داڑھی مونڈ دی۔ کاشف کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے 14 ٹانکے لگے۔
اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے واقعات کی وجہ سے کینیڈا میں مقیم مسلمان کمیونٹی میں خوف کی فضا پیدا ہو چکی ہے۔ وہ اپنے آپ کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق پولیس نے اسپتال میں کاشف کا بیان ریکارڈ کیا۔ پولیس کے مطابق حملہ آور دو سے تین ہو سکتے ہیں۔ ان میں سے ایک کو کاشف جانتا ہے ، وہ ماضی میں بھی اسے دھمکیاں اور گالیاں دیتا رہا ہے۔